پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کا 17 قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان  

Pakistan Blind Cricket Council announces central contracts for 17 national players
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) نے 17 قومی کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دینے کا اعلان کر دیا ہے جو تین کیٹیگریز پر مشتمل ہے۔ ان کھلاڑیوں کو 6 ماہ کیلئے یہ کنٹریکٹ دیا جائے گا۔

پی بی سی سی کے چیئرمین سید سلطان شاہ کی طرف سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق 17 کھلاڑیوں کو جولائی تا دسمبر 2021ء تک چھ ماہ کے لئے سینٹرل کنٹریکٹ دیا جا رہا ہے جو تین کیٹیگریز پر مشمل ہے جبکہ کیٹیگری اے میں 2، کیٹیگری بی میں 4 اور کیٹیگریز سی میں 11 کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

اے کیٹیگری والے کھلاڑیوں کو 17 ہزار 500، بی کیٹیگری والے کھلاڑیوں کو 14 ہزار 500 اور سی کیٹیگری والے کھلاڑیوں کو 12 ہزار 500 روپے ماہانہ معاوضہ دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں بین الاقوامی اور ڈومیسٹک سطح پر شاندار کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بدر منیر اور نثار علی خان دونوں کھلاڑیوں کو حالیہ ٹرائی اینگولر انٹرنیشنل کرکٹ سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت کیٹیگری اے میں شامل کیا گیا ہے۔

سینٹرل کنٹریک میں جن کھلاڑیوں کو کیٹیگری بی دی گئی ہے ان میں ظفر اقبال، انیس جاوید، معین اسلم، مطیع اللہ شامل ہیں جبکہ کیٹیگری سی میں ریاست خان، ساجد نواز، محمد ایاز ، محمد شاہذیب ، محمد آصف ، شاہذیب حیدر ، ہارون خان، محسن خان، محمد اکرم ، فیصل محمود اور ثنا اللہ خان شامل ہیں۔