شاہین شاہ آفریدی نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا

شاہین شاہ آفریدی نے ایک اور ریکارڈ اپنے نام کر لیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز نوجوان فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی پاکستان کی جانب سے دو میچز کی ٹیسٹ سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے فاسٹ باؤلر بن گئے ہیں۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں انتہائی عمدہ کارکردگی دکھائی اور مجموعی طور پر 18 وکٹیں حاصل کیں جس پر انہیں مین آف دی میچ اور مین آف دی سیریز قرار دیا گیا۔ 
اس سے قبل یہ اعزاز قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عباس کے پاس تھا جنہوں نے سال 2018ءمیں آسٹریلیا کے خلاف 17 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ اس کے علاوہ سری لنکا کیخلاف محمد عباس اور محمد آصف نے 2006 ءمیں 17 ،17 وکٹیں بھی حاصل کر رکھی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں باؤلرز بالخصوص شاہین شاہ آفریدی کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈیز کو 109 رنز سے شکست دے کر دو میچز کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے پہلی اننگز میں انتہائی زبردست باؤلنگ کرتے ہوئے 17.3 اوورز میں 51 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دوسری اننگز میں 17.2 اوورز میں 43 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 
شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 21.4 اوورز میں 59 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا جبکہ دوسری اننگز میں 17 اوورز میں 50 رنز کے عوض 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔