انٹرنیشنل لیول پر بیٹنگ کوچ کے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، کھلاڑی کو اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے: شاداب خان

انٹرنیشنل لیول پر بیٹنگ کوچ کے نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا، کھلاڑی کو اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے: شاداب خان
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیگ سپنر شاداب خان نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل لیول پر بٹنگ کوچ نہ ہونے سے فرق نہیں پڑتا کیونکہ قومی ٹیم کی نمائندگی کرنے والے کھلاڑیوں کو صرف اعتماد دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ 
پاکستان وائٹ بال ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان ان دنوں صوبائی دارالحکومت لاہور میں جاری وائٹ بال کرکٹرز کے پری سیزن کیمپ میں شریک ہیں جنہوں نے میڈیا سے گفتگو کی اور اس دوران جب ان سے یہ سوال پوچھا گیا کہ ان دنوں قومی ٹیم کے ساتھ بیٹنگ کوچ نہیں ہے، کیا اس سے کوئی فرق پڑتا ہے؟ 
مندرجہ بالا سوال کا جواب دیتے ہوئے شاداب خان نے کہا کہ بیٹنگ کوچ کے نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا کیونکہ جو کھلاڑی قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہوتے ہیں وہ اچھے اعتماد کے ساتھ اس لیول پر پہنچتے ہیں اور یہاں بھی انہیں صرف اعتماد دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل سطح پر کھلاڑیوں کو اعتماد کی ضرورت ہوتی ہے اور کوچز بھی اعتماد ہی دیتے ہیں، کوئی بھی کھلاڑی کارکردگی دکھانے کے بعد انٹرنیشنل لیول پر آتا ہے اورجس کھلاڑی کی ڈومیسٹک کرکٹ میں تکنیک اچھی ہوتی ہے، وہی کھلاڑی آگے آنے میں کامیاب ہوتے ہیں۔ 
واضح رہے کہ قومی ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان نے مئی میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا تھا اور اس کے بعد سے اب تک پاکستانی ٹیم بیٹنگ کوچ کی خدمات سے محروم ہے اور اس وقت دورہ ویسٹ انڈیز پر ہے جہاں دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے ساتھ سیریز 1-1 سے برابر کر چکی ہے۔