وزیر اعظم شہباز شریف کی اپیل پر عالمی اداروں کی سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر امداد

وزیر اعظم شہباز شریف کی اپیل پر عالمی اداروں کی سیلاب متاثرین کیلئے 50 کروڑ ڈالر امداد
سورس: File

اسلام آباد: وزیرِ اعظم شہباز شریف کی اپیل پر سیلاب متاثرین کیلئے بین الاقوامی تنظیموں اور مالی اداروں نے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی فوری امداد کا اعلان کردیا ہے۔ اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے ورلڈ فوڈ پروگرام  کی جانب سے 110 ملین ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے 20 ملین ڈالر اور یوکے ایڈ نے 1.5 ملین پاونڈ کی کی فوری امداد کا اعلان کیا ہے۔ یوکے ایڈ کی طرف سے سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے وسط اور طویل مدتی منصوبوں کیلئے 38 ملین پاؤنڈ کا بھی اعلان کیا گیا ہے ۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سیلاب زدگان کی مدد کے لئے انٹرنیشنل پارٹنرز کے ساتھ اقتصادی امور ڈویژن میں اہم اجلاس ہوا ۔ اجلاس میں ورلڈ بینک، ایشائی ترقیاتی بینک، عالمی مالیاتی، بین الاقوامی ڈویلپمنٹ، ڈونرز سمیت چین، امریکہ اور یورپی ممالک کے نمائندوں نے شرکت کی۔اقوام متحدہ کے  مختلف ذیلی اداروں، عالمی ادارہ صحت کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک ہوئے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے انٹرنیشنل پارٹنرز کو ملک بھر میں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں سیلاب کی تباہی کاریوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ ورلڈ بنک کے کنٹری ڈائیریکٹر ناجیبن حسین نے وزیرِ اعظم کو ورلڈ بنک کی طرف سے 350 ملین ڈالر کی فوری امداد کے بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے خصوصی طور پر وزیرِ اعظم کے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کی تعریف کی۔ ورلڈ بنک یہ امداد روان ہفتے کے آخر تک مکمل طور پر فراہم کر دے گا ۔اسکے علاوہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے بھی نقصانات کے تخمینے کے بعد جامع منصوبہ بندی سے پاکستان کے ساتھ ورلڈ بنک کہ طرف سے تعاون کیا جائے گا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کے فلڈ ریلیف کیش پروگرام کے تحت 25 ہزار فی خاندان امداد کیلئے بین الاقوامی اداروں کی طرف سے اسی ہفتے امداد کی منتقلی یقینی بنائی جا رہی ہے۔وزیراعظم نے بین الاقوامی اداروں و تنظیموں کی مشکل میں پھنسے پاکستانیوں کی مدد کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کے فوری ریسکیو اور بحالی کیلئے اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں