وزیراعظم نوازشریف آج اپنی 67 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

وزیراعظم نوازشریف آج اپنی 67 ویں سالگرہ منا رہے ہیں

اسلام آباد:وزیر اعظم نواز شریف 25 دسمبر 1949 کو میاں شریف کے گھر پیدا ہوئے ، انہوں نے ابتدائی تعلیم ایچی سن کالج سے حاصل کی جس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سے بزنس اور جامعہ پنجاب سے قانون کی تعلیم حاصل کی۔ 80 کی دہائی میں انہوں نے سیاست میں قدم رکھا جبکہ 1981 میں انہیں پہلی بار پنجاب کا وزیر خزانہ بنایا گیا جس کے بعد وہ 1988 میں پنجاب کی وزارت عالیہ پر براجمان ہوئے۔
نواز شریف پہلی بار 1990 میں بارہویں وزیر اعظم پاکستان منتخب ہوئے تاہم صدر غلام اسحاق خان نے 1993 میں ان کی حکومت برطرف کردی جس کے بعد وہ 1997 میں دوبارہ وزیر اعظم منتخب ہوئے تاہم اس بار بھی قسمت نے ان کا ساتھ نہ دیا اور 1999 میں انہی کے تعینات کردہ جنرل پرویز مشرف نے ایک بار پھر انہیں چلتا کیا۔
کئی سال بیرون ملک جلا وطنی کے کاٹنے کے بعد وہ واپس پاکستان آئے اور باقاعدہ طور پر سیاست میں حصہ لیا اور 2013 میں پاکستان کے 20 ویں وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ نواز شریف پہلے پاکستانی ہیں جو تین بار پاکستان کے وزیر اعظم بنے ہیں۔