کراچی پیکیج کے تحت 17 منصوبے چھ ماہ میں مکمل ہوں گے

کراچی پیکیج کے تحت 17 منصوبے چھ ماہ میں مکمل ہوں گے

کراچی :کراچی پیکیج کے تحت 17 منصوبے اگلے سال کے وسط تک مکمل کر لیے جائیں گے جن میں سے متعدد پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ٹریفک کا مربوط متبادل نظام نہ ہونے سے شہری منٹوں کا سفر گھنٹوں میں کرنے پر بھی مجبور ہیں، 10 ارب روپے کی لاگت سے کراچی پیکیج پر کام جاری ہے ،۔شہر کی اہم ترین شاہراہوں کی ازسر نو تعمیر کا کام شروع کردیا گیا ہے ۔
جس میں یونیورسٹی روڈ، طارق روڈ، حب ریور روڈ اور سرجانی ٹاون کی اہم سڑکیں شامل ہیں، ان راستوں کو روزانہ استعمال کرنے والی عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ ان کی حالت زار پر رحم کیا جائے تاہم ان شاہراہوں پر اب ترقیاتی کام زور و شور سے جاری ہے، عوام کا مطالبہ ہے کہ کام بروقت مکمل ہوجانا چاہیے۔حسن اسکوائر سے موسمیات تک یونیورسٹی روڈ کی دوبارہ تعمیر، تزین و آرائش اور اسے وسعت دینے کا کام بھی زور پکڑ گیا ہے۔
جس پر ایک ارب پچاس کروڑ روپے سے زائد کی رقم خرچ کی جائے گی، نہ صرف کراچی پیکیج بلکہ وفاقی حکومت کی جانب سے شہر میں گرین لائن اور سندھ حکومت کی اورنج لائن پر بھی کام جاری ہے۔
شہر میں ایک ساتھ ترقیاتی منصوبوں کے آغاز سے جہاں عوام کو آنے والے وقتوں میں سہولتیں میسر آئیں گی، وہیں متبادل اور مربوط ٹریفک نظام نہ ہونے سے منٹوں کا سفر وہ گھنٹوں میں کرنے پر مجبور ہیں۔
شارع فیصل کو وسیع کرنے ،بلوچ کالونی پل کی ری ماڈلنگ، منزل پمپ پر فلائی اوور کی تعمیر، سب میرین چورنگی پر انڈر پاس کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے بھی شروع ہونا ہیں۔وزیر بلدیات جام خان شورو نے نجی ٹی وی سے گفتگو میں کہا کہ تمام ترقیاتی کاموں کی نگرانی وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت خود کر رہی ہے