کرسمس ٹری کیوں سجاتے ہیں؟

بریٹانیکا انسائکلوپیڈیا کے مطابق قدیم مصری، چینی، اور عبرانی لوگ سدا بہار درختوں، پشپانجل، اور پھولوں کے ہار کو ابدی زندگی کی علامت کے طور پر استعمال کرتے تھے

کرسمس ٹری کیوں سجاتے ہیں؟

لاہور:  بریٹانیکا انسائکلوپیڈیا کے مطابق قدیم مصری، چینی، اور عبرانی لوگ سدا بہار درختوں، پشپانجل، اور پھولوں کے ہار کو ابدی زندگی کی علامت کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ یورپی عوام کے درمیان بھی مسیحت کے فروغ سے پہلے درختوں کی پوجا کا رواج عام تھا جو کہ مسیحت کو اپنانے کے بعد بھی قائم رہا۔


چونکہ مسیحت کا آغاز دو ہزار سال قبل اس وقت ہوا جب رومی ثقافت اپنے عروج پر تھی اور بیت المقدس رومی تسلط میں تھا، اس لئے رومی ثقافت کا مسیحی لوگوں پر اثر انداز ہونا ایک فطری عمل تھا۔ دنیائے مسیحت کے مشہور میگزین میں بتایا گیا ہے کہ زمانہ قدیم سے لوگ سدا بہار درختوں کو موسم سرما کے وسط میں زندگی کے نشان کے طور پر استعمال کرتے تھے۔ رومی نئے سال کے موقع پر سدا بہار درختوں کی شاخوں کے ساتھ اپنے گھروں کو سجایا کرتے تھے۔ اسی طرح شمالی یورپ کے قدیم باشندے سردیوں میں سدا بہار درختوں کی شاخوں کو کاٹ کر گھروں کے اندر لگاتے۔ کئی ابتدائی مسیحی رہنماء اس طرز عمل کے مخالف تھے۔ دوسری صدی عیسوی کے مذہبی عالم ٹرٹولین موسم سرما میں شہنشاہ کے اعزاز میں منائے جانے والے تہوار میں مسیحیوں کی شمولیت کے مخالف تھے۔