چیف جسٹس نے ملک کی معروف بیکری کے ملک بھر میں آئس کریم یونٹس سیل کر دیئے

چیف جسٹس نے ملک کی معروف بیکری کے ملک بھر میں آئس کریم یونٹس سیل کر دیئے
کیپشن: image by facebook

لاہور : چیف جسٹس ثاقب نثار نے ملک کے معروف بیکرز گروپ کے ملک بھر میں موجود آئس کریم یونٹس کو بند کرنے کا حکم دیدیا ، اس کے ساتھ دیگر بیکری اشیا کی فوری جانچ کے بھی احکامات جاری کر دیئے ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی شکایت سنی ۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل محمد عثمان نے موقف اپنایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گورمیٹ کے آئس کریم یونٹس پر چھاپہ مارا تو استعمال کی جانے والی اشیا غیر معیاری نکلیں اس پر یونٹس کو بند اور جرمانے کی کارروائی کی گئی تو گورمیٹ کے ٹی وی چینل جی این این نے میری کردار کشی کی ٹی وی پر مہم شروع کر دی ۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے شکایت پر فوری طور پر ملک بھر میں معروف بیکر گروپ کے آئس کریم یونٹس کو بند کرنے کا حکم دے دیا ہے ، اس کے ساتھ چیف جسٹس نے یہ بھی حکم دیا ہے کہ بیکری مصنوعات کو بھی فوری طور پر جانچا جائے کہ وہ حفظان صحت کے اصولوں کے تحت تیار کی جا رہی ہیں یا نہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ اگر ٹی وی چینل کسی کی ناجائز کردار کشی کر رہا ہے تو کیوں نہ اس ٹی وی چینل کو ہی بند کر دیا جائے ، چیف جسٹس نے چینل بندش کا حکم دینے کی بجائے چینل کے مالک اور پیمرا کے ڈائریکٹر جنرل کو کل عدالت طلب کر لیا ہے۔

اس موقع پر چیف جسٹس نے ٹی وی چینل کے بیورو چیف کی بھی سرزنش کرتے ہوئے موقف اپنایا کہ آپ کس طرح رات گئے مجھے سفارشی فون کروا سکتے ہیں ، اس سلسلے میں کوئی سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔