امید ہے مریم نواز کو انصاف ضرور ملے گا، مریم اورنگزیب

امید ہے مریم نواز کو انصاف ضرور ملے گا، مریم اورنگزیب
کیپشن: نارووال میں اسپورٹس اسٹی بنانے پر احسن اقبال کو سزا دی جا رہی ہے، مریم اورنگزیب۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: میڈیا سے گفتگو میں رہنما (ن) لیگ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ قائداعظم نے جمہوریت کی حکمرانی اور قانون کی بالادستی کے لیے پاکستان بنایا اور قائد کا پاکستان امانت کے طور پر نوا زشریف کو ملا۔ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا اور سی پیک دیا جسے اب تالا لگ چکا ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر ملک بند کرنے والوں کی دھمکیاں دینے والوں نے سچ مچ پاکستان بند کر دیا، سی پیک لانا اختیارات سے تجاوز ہے تو ایسا کرتے رہیں گے، نارووال میں اسپورٹس اسٹی بنانے پر احسن اقبال کو سزا دی جا رہی ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ جن لوگوں نے رانا ثناء اللہ پر جھوٹے الزام لگائے وہ اپنا قلمدان واپس کریں، ثبوت پیش کرنے کا وقت آیا تو رہنماؤں کو ضمانت مل گئی، دوبارہ سے گرفتاریوں کا تسلسل جاری ہے اور ن لیگ کسی دباؤ کا شکار نہیں ہو گی جب کہ سلیکٹڈ کی چھٹی ہونے والی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ مریم نواز اپنے والد کی تیمارداری کے لیے جانا چاہتی ہیں، مریم نواز کو روکنے کے لیے کابینہ کا اجلاس ہوتا ہے تاہم  مہنگائی، لوڈشیڈنگ کے خلاف کابینہ کا اجلاس نہیں ہوتا، امید ہے مریم نواز کو انصاف ضرور ملے گا۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ 2018ء میں بھی پرچی صرف ن لیگ کی تھی لیکن آر ٹی ایس بیٹھ گیا، عمران خان نے لوگوں کو 50 لاکھ گھر دینے تھے، لوگوں سے گھروں کے کرائے بھی نہیں دیے جا رہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ افواج پاکستان ملک اور قوم کے محافظ ہیں، حکومت آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر قانون سازی کی ٹھیکے دار نہ بنے، سپریم کورٹ نے پارلیمان کو قانون سازی کے لیے کہا ہے۔