قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ رانا ثناء اللّٰہ ابھی بھی ملزم ہیں، شہریار آفریدی

قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ رانا ثناء اللّٰہ ابھی بھی ملزم ہیں، شہریار آفریدی
کیپشن: ہم نے قانونی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کی، شہریار آفریدی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیر مملکت شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ تاثر یہ دیا گيا کہ رانا ثناء اللّٰہ شاید بری ہو گئے ہیں قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ رانا ثناء اللّٰہ ابھی بھی ملزم ہیں۔ شہریار آفریدی نے میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم اور ہماری پوری ٹیم نا صرف عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں بلکہ عدالتوں کی عزت سب پر فرض ہے، یہ نہیں کہ فیصلہ آپ کی مرضی کا آئے تو الگ موقف، خلاف آئے تو الگ موقف۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ ہم نے قانونی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کی، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا ابھی تک آرڈرنہیں  آیا۔

شہریار آفریدی نے کہا کہ اے این ایف ایک پروفیشنل فورس ہے ، ہم نے 17 دن میں تمام ثبوت فراہم کردیئے، 18 ویں دن ٹرائل شروع ہونا تھا، کیس میں تاخیری حربے آزمائے گئے، ہم میدان میں کھڑے ہونے والے ہیں۔

شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ ویسے بھی یہ ضمانتوں کا موسم ہے، حکمران آئیں گے اور چلے جائیں گے، اصل چیز پاکستان اور پاکستان کے ادارے ہیں۔