آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹی 20 میں 3 وکٹوں سے شکست دے دی

آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹی 20 میں 3 وکٹوں سے شکست دے دی
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

ویشاکھا پٹنم : آسٹریلیا نے بھارت کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 3 وکٹوں سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، آسٹریلوی ٹیم نے 127 رنز کا ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 7 وکٹوں پر حاصل کیا، اومیش یاداو آخری اوور میں 14 رنز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے، پیٹ کمنز اور جیئے رچرڈسن نے 7، 7 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، میکسویل نے 56 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، لوکیش راہول کی ففٹی رائیگاں گئی، نیتھن کولٹر نیل کو عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کرنے پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

805af1adb71acb4b36756ebd755b6204

پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں آسٹریلوی قائد ایرون فنچ نے ٹاس جیت کر پہلے میزبان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی تو باﺅلرز نے عمدہ باﺅلنگ کا مظاہرہ کر کے ان کے فیصلے کو درست ثابت کر کے دکھایا، روہت شرما اور لوکیش راہول ٹیم کو 14 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، شرما 5 رنز بنا کر بہرنڈورف کا شکار بنے، اس موقع پر راہول نے کپتان ویرات کوہلی کے ساتھ مل کا سکور 69 تک پہنچا دیا، یہاں پر ایڈم زمپا نے کوہلی کو آﺅٹ کر کے ٹیم کو بڑی کامیابی دلائی، انہوں نے 24 رنز بنائے، ریشبھ پانٹ 3 رنز بنا کر چلتے بنے، 92 کے سکور پر بھارت کی چوتھی وکٹ گری جب راہول ففٹی مکمل کرنے کے بعد کولٹرنیل کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، دنیش کارتھک اور کرونل پانڈیا 1، 1 اومیش یاداو 2 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، اسطرح میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا سکی، دھونی 29 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، نیتھن کولٹرنیل نے 3 بہرنڈورف، زمپا اور پیٹ کمنز نے ایک، ایک وکٹ لی۔

جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف آخری اوور کی آخری گیند پر 7 وکٹوں پر پورا کیا، آسٹریلوی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا اور 5 کے سکور پر اس کے 2 کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے، مارکس سٹوئنس 1 اور کپتان ایرون فنچ بغیر کوئی رن بنائے چلتے بنے، اس موقع پر ڈی آرسی شارٹ اور میکسویل نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 84 قیمتی رنز جوڑ کر ٹیم کو سہارا دیا، یہاں پر چھاہل نے میکسویل کو آﺅٹ کر کے نہ صرف اہم پارٹنرشپ توڑی بلکہ ٹیم کو بڑی کامیابی بھی دلائی، انہوں نے 56 رنز کی اننگز کھیلی، 101 کے سکور پر کینگروز کی چوتھی وکٹ گری جب ڈی آرسی شارٹ 37 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، 19ویں اوور میں بمرا نے اپنے اوور میں ٹرنر اور پیٹر ہینڈزکامب کو آﺅٹ کر کے حریف ٹیم کو دباﺅ میں ڈال دیا، ٹرنر صفر اور ہینڈزکامب 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، آخری اوور میں آسٹریلیا کو فتح کیلئے 14 رنز درکار تھے، پیٹ کمنز اور جیئے رچرڈسن نے 7، 7 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، بمرا نے 3، چھاہل اور کرونل پانڈیا نے ایک، ایک وکٹ لی۔