علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع

علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع
کیپشن: علیم خان کے وکلاء کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی مخالفت کی گئی۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: احتساب عدالت نے پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع کر دی۔احتساب عدالت میں سابق سینئر وزیر علیم خان کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی تو نیب پراسیکیوٹر نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی استدعا کی جب کہ علیم خان کے وکلاء کی جانب سے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی استدعا کی مخالفت کی گئی۔

عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جس کے بعد نیب حکام علیم خان کو عدالت سے لے کر واپس روانہ ہو گئے۔

عدالت نے کچھ دیر بعد فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی استدعا منظور کر لی اور علیم خان کے جسمانی ریمانڈ میں 5 مارچ تک توسیع کر دی۔

نیب حکام جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر سخت سیکیورٹی میں علیم خان کو لے کر لاہور کی احتساب عدالت پہنچے جہاں عدالت کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ اس دوران کارکنان اور پولیس کے درمیان دھکم پیل ہوئی اور پولیس نے کارکنان کو زبردستی عدالت کے دروازے سے ہٹایا۔

واضح رہے کہ نیب نے تحریک انصاف کے اہم رہنما اور پنجاب حکومت میں سابق سینئر وزیر علیم خان کو آف شور کمپنیوں کے اسکینڈل میں 6 فروری کو گرفتار کیا تھا جس کے بعد انہوں نے سینئر وزیر برائے بلدیات کی وزارت سے استعفیٰ دیا تھا۔