وفاقی وزیر فواد چوہدری کی چھٹی؟ ایک اور اہم خبر 

وفاقی وزیر فواد چوہدری کی چھٹی؟ ایک اور اہم خبر 
کیپشن: Image Source : Twitter

اسلام آباد:پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سینیٹر مشاہد اللہ خان نے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی کے درمیان تلخیوں سے متعلق پیش گوئی کی ہے کہ فواد چوہدری کابینہ میں نہیں رہیں گے۔

گزشتہ روزسینیٹ اجلاس سے قبل ایک نجی خبررساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے مشاہد اللہ خان نے کہا کہ فواد چوہدری اور نعیم الحق اس حکومت کے لیے پریشانی کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ نعیم الحق، عمران خان کے راز دار ہیں، نعیم الحق کے پاس بہت سے ایسے راز ہیں جو نہیں بتائے جا سکتے جبکہ فواد چوہدری ابھی نئے ہیں۔

مشاہد اللہ خان نے کہا کہ عمران خان نعیم الحق کے معاملے پر مجبور ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ نعیم الحق کابینہ میں رہیں گے اور فواد چوہدری چلے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جس حکومت کا لیڈر کہتا ہو کہ اپوزیشن کو تکلیف پہنچائیں گے تو اپوزیشن کو تکلیف پہنچاتے پہنچاتے یہ آگ حکومت کے اپنے گھر پہنچ گئی ہے کہ حکومتی ارکان خود ایک دوسرے کو تکلیف پہنچارہے ہیں۔ جس حکومت کا کوئی ایجنڈا نہ ہو اور وہ اپوزیشن کو تکلیف پہنچاتے پہنچاتے، اب عوام کو تکلیف پہنچارہی ہے، وہ آگ اب ان کے گھر چلی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری نے پی ٹی وی کی انتظامیہ سے اختلاف پر اپنی وزارت سے استعفی سے متعلق میڈیا رپورٹس کو مسترد کیا تھا۔فوواد چوہدری نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں واضح کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے، جیسا وہ کہیں گے، ویسا کروں گا۔بعدازاں فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں کہا تھا کہ میں نے وزیراعظم کو اپنا استعفی پیش نہیں کیا اور نہ عمران خان نے استعفی طلب کیا۔