نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پنجاب حکومت نے مسترد کر دی

نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کی درخواست پنجاب حکومت نے مسترد کر دی
کیپشن: نواز شریف کو عدالت کی طرف سے علاج کے لیے 8 ہفتوں کا وقت دیا گیا تھا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پنجاب کابینہ نے نواز شریف کی ضمانت میں توسیع کے لیے درخواست کو مسترد کر دیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت پنجاب کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں نوازشریف کی جانب سے ضمانت میں توسیع کی درخواست پر غور کیا گیا۔ کابینہ میں پنجاب کابینہ کی خصوصی کمیٹی نے نوازشریف کی صحت سے متعلق رپورٹ پر تجاویز پیش کیں جس کا کابینہ نے جائزہ لیا۔

پنجاب کابینہ نے کہا کہ نوازشریف کو  عدالت کی طرف سے علاج کے لیے 8 ہفتوں کا وقت دیا گیا تھا لیکن 25 فروری تک اس وقت میں مزید 8 ہفتے گزر چکے ہیں۔ کابینہ ارکان نے کہا کہ نوازشریف کی طرف سے ایسی کوئی ٹھوس رپورٹ پیش نہیں کی گئیں جس سے ثابت ہوسکے کہ جس گراؤنڈ پر نوازشریف کو بیرون ملک بھیجا گیا اس میں مزید توسیع کی ضرورت ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف بورڈ اورکمیٹی کو مطلوبہ رپورٹس پیش نہ کرسکے۔ پنجاب کابینہ نے نوازشریف کی درخواست کو یکسر مسترد کردیا جس کی تصدیق پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض چوہان کی جانب سے بھی کردی گئی ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر 2019 سے علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جہاں ان کے مسلسل ٹیسٹ اور طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

پنجاب حکومت نے نواز شریف کی بیرون ملک قیام میں توسیع کے معاملے پر صوبائی وزیر قانون، چیف سیکریٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری قانون پر مشتمل کمیٹی بنائی تھی۔