یکم مارچ سے ملک کے تمام تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلیں گے، حکومت کا اعلان

From March 1, all educational institutions in the country will be open as usual, the government announced
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: حکومت نے آئندہ ماہ یکم مارچ سے ملک بھر کے تمام تعلیمی اداروں کو معمول کے مطابق کھولنے کا اعلان کیا ہے۔

اس اہم بات کا اعلان وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی جانب سے کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب آئندہ ماہ یکم مارچ سے تمام تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 5 روز کیلئے کھولا جا سکے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے پیغام میں وفاقی وزیر تعلیم نے لکھا کہ تمام تعلیمی اداروں میں 28 فروری تک مرحلہ وار کلاسوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

شفقت محمود نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ملک بھر میں تمام سکول یکم مارچ سے 5 دن کلاسز کے معمول پر واپس چلے جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ عالمی وبا کی وجہ سے بعض بڑے شہروں میں سکولوں پر کلاسز کو چھوٹے گروہوں میں تقسیم کر کے پڑھانے کی پابندی کا اطلاق 28 فروری سے ختم ہو رہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا اجلاس ہوا جس میں ملک بھر میں عالمی وبا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں عالمی وبا کے پھیلاؤ میں ٹھہراؤ آ چکا ہے، اس لئے تمام کاروباری سرگرمیوں کو پابندی وقت سے ہٹا دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مزارات، سینما ہالز اور شادی ہالز بھی اسی تاریخ سے کھل جائیں گے تاہم ریسٹورینٹس کے بارے میں فیصلہ 10 مارچ کو ہونے والے اجلاس میں کیا جائے گا۔