ایران نے زعفران کو محفوظ بنانے کا انوکھا طریقہ دریافت کر لیا

ایران نے زعفران کو محفوظ بنانے کا انوکھا طریقہ دریافت کر لیا

تہران: ایران کا پہلا زعفران بینک یا جدید ترین سٹوریج، صوبہ خراسان رضوی کے شہر تربت حیدریہ میں قائم کر دیا گیا۔

زعفران بینک کے قیام کا مقصد اس اہم ترین پیداوار کی کوالٹی اور معیار کو محفوظ اور اسے بہتر سے بہتر بنانا ہے۔ زعفران بینک یا سٹوریج کے سربراہ غلام رضا کریمی کے مطابق اب تک زیادہ تر کاشت کاروں کی جانب سے زعفران کی پیداوار کو روایتی طریقے سے اپنے گھروں میں محفوظ رکھا جاتا تھا جس کے نتیجے میں ان کے معیار میں فرق پڑ جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ زعفران بینک جدید سائنسی طریقے سے کام کرے گا جس کے نتیجے میں اس قیمتی قومی پیداوار کی کوالٹی محفوظ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ زعفران کو مکمل تاریکی میں 7 سے 9ڈگری سینٹی گریڈ میں محفوظ رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ زعفران بینک، دنیا کے جدید ترین سیکورٹی سسٹم سے بھی آراستہ ہے اور مسلح افواج کے جوان، 24 گھنٹے اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ صوبہ خراسان رضوی میں1 لاکھ 17ہزار خاندان زعفران کی کاشت میں مشغول ہیں جس میں 14سے 15 ہزار صرف تربت حیدریہ شہر میں مقیم ہیں۔

مصنف کے بارے میں