صوبے میں اچھی طرز حکمرانی اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا، شہباز شریف

صوبے میں اچھی طرز حکمرانی اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا، شہباز شریف

لاہور: وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں صوبے کی ترقی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں اچھی طرز حکمرانی اور میرٹ کے کلچر کو فروغ دیا ہے۔ صوبے بھر میں مکمل کئے گئے منصوبے اپنی مثال آپ ہیں، تعلیم اور صحت کی سہولتوں کی بہتری کی عوام بھی گواہی دے رہے ہیں جبکہ عوامی خدمت کے اس سفر کو مزید تیز رفتاری سے آگے بڑھانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اربوں روپے کے مکمل ہونے والے میگا پراجیکٹس سے صوبے کے عوام کو بے حد ریلیف ملا ہے۔ عوام کو دانش اسکول، میٹروبس سسٹم، تعلیمی فنڈز، جدید انفرااسٹرکچر، جدید اسپتال اور معیاری تعلیمی اداروں کے تحفے دیئے ہیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر عوام کو خدمات کی فراہمی کا عمل بہتر کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خوشحال پنجاب کی منز ل کی جانب تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور پنجاب میں میرٹ کی بالا دستی ہے، اداروں میں لاکھوں بھرتیاں میرٹ کی بنیاد پر ہوئی ہیں۔ سوشل سیکٹر کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کی ملک کی 70 سالہ تاریخ میں مثال نہیں۔ عوام کو خدمات کی فراہمی کے اداروں کو عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے ترقیاتی منصوبوں میں اربوں روپے کی بچت کر کے تاریخ رقم کی ہے اور قومی و حدت کی مضبوطی کے لئے پنجاب حکومت کے فلاحی پروگراموں میں پاکستان کی تمام اکائیوں کو شامل کیا گیا ہے۔ اقتصادی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا کئے گئے ہیں۔ زرعی شعبے کی ترقی اور زراعت کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے کاشت کاروں کو بے حد فائدہ ہوا ہے جبکہ تاریخی کسان پیکیج اور چھوٹے کاشت کاروں کو بلا سود قرضوں کی فراہمی سے سبز انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں