شو کے ذریعے تمباکو کی تشہیر،بھارتی فلم ڈائریکٹر کرن جوہر اور روہت شیٹھی کو شوکاز نوٹس جاری

شو کے ذریعے تمباکو کی تشہیر،بھارتی فلم ڈائریکٹر کرن جوہر اور روہت شیٹھی کو شوکاز نوٹس جاری

ممبئی :معروف بھارتی فلم ڈائریکٹرکرن جوہر اور روہت شیٹھی بڑی مشکل میں پھنس گئے ہیں اور ان پر 5 سال قید کی سزا کی تلوار لٹکنے لگی ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرن جوہر اور ہدایت کار روہت شیٹھی ان دنوں رئیلٹی شو ’انڈیاز نیکسٹ سپرسٹارز‘ میں ججز کے فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

اس شو پر کئی ستارے بھی شرکت کرتے رہتے ہیں اور اب تک پریانکا چوپڑا اور کنگنا رناوت شو میں شریک ہوچکی ہیں۔لیکن اب اسی شو کی وجہ سے کرن جوہر، روہت شیٹھی اور چینل کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑگیا ہے۔دہلی ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ نے فلمساز کرن جوہر، روہت شیٹھی، شو کی پروڈکشن ٹیم اور چینل کو قانونی نوٹس بھیجا ہے جس میں انہوں نے شو کے ذریعے تمباکو کی تشہیر کرنے پر 10 روز میں جواب مانگا ہے۔

قانونی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ کرن جوہر کے شو کو سب سے زیادہ نوجوان دیکھتے ہیں اور ایسے میں تمباکو مصنوعات کی تشہیر سے نوجوانوں پر برے اثرات مرتب ہوسکتے ہیں لہٰذا شو میں تمباکو کی تشہیر روکی جائے بصورت دیگر مقدمہ درج کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ رئیلٹی شو کی مرکزی سپانسر مشہور ’کملا پسند پان مصالحہ‘ کمپنی ہے جس کی وجہ سے قانونی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔دہلی کے محکمہ صحت نے فلمساز کرن جوہر سمیت دیگر افراد کے خلاف تمباکو مصنوعات ایکٹ 2003 کے سیکشن 5 کے تحت قانونی کارروائی کی ہے جس میں کم از کم 5 سال قید اور 2 ہزار روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔