انتظار قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش

انتظار قتل کیس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش

کراچی: محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) نے انتظار قتل کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی بنانے کی سفارش کردی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عامر فاروقی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کا فیصلہ انتظار کےوالد کی مشاورت سے کیا، ٹیم اس بات کا تعین کرے گی کہ پولیس وہاں کیا کررہی تھی، جے آئی ٹی اس بات بھی جائزہ لے گی کہ کیس میں ایس ایس پی مقدس حیدر کا کردار ہے یا نہیں۔
دوسری جانب سی ٹی ڈی حکام نے کیس میں اہم پیشرفت پر بتایا کہ انتظار پر فائرنگ پولیس اہلکار بلال اور دانیال نے کی، ایک اہلکار ایس ایس پی کا پرسنل اسٹاف افسر اور دوسرا گن مین ہے جب کہ موقع پر دونوں کی موجودگی بھی قانون کی خلاف ورزی ہے۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق انتظار کے ساتھ موجود لڑکی کا بیان قلمبند کرلیا گیا ہے، قتل کا مقصد کیا تھا اس کی تحقیقات جاری ہیں تاہم تحقیقات میں ابھی تک کسی نئے کردار کا نام سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ 13 جنوری کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں پولیس اہلکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ نوجوان انتظار جاں بحق ہوگیا تھا جس کے بعد فائرنگ کرنے والے اہلکاروں کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔انتظار قتل کیس کی تحقیقات محکمہ سی ٹی ڈی کررہا ہے جب کہ ایس ایس پی مقدس حیدر کو بھی عہدے سے ہٹادیا گیا ہے۔انتظار کے والدین نے ایس ایس پی مقدس حیدر کو بیٹے کا قاتل قرار دیتے ہوئے چیف جسٹس پاکستان سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔