پانی کے تنازع پر فائرنگ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی زخمی

پانی کے تنازع پر فائرنگ، پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی زخمی
کیپشن: فائرنگ کا واقعہ پانی کی لائن کے تنازع پر پیش آیا۔۔۔۔۔فوٹو/ رمضان گھانچی آفیشل فیس بُک پیج

کراچی: ایس ایس پی سٹی مقدس حیدر کے مطابق گھاس منڈی میں واقع پرانا حاجی کیمپ ٹمبر مارکیٹ کے قریب جھگڑے کے دوران فائرنگ سے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔

مقدس حیدر کے مطابق رکن صوبائی اسمبلی کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فائرنگ کا واقعہ پانی کی لائن کے تنازع پر پیش آیا۔

دوسری جانب نیپیئر تھانے میں واقعے کا مقدمہ درج کر کے فائرنگ کے الزام میں ٹمبر مارکیٹ کے عہدیدار سلیمان سومرو اور ان کے بیٹے کو حراست میں لے لیا گیا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما خرم شیر زمان نے بتایا کہ انہیں رمضان گھانچی کا فون آیا تھا جنہوں نے بتایا کہ انہیں سلیمان سومرو اور اس کے بیٹے نے گولیاں ماریں۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ایک ایم پی اے محفوظ نہیں تو عام آدمی کا کیا ہو گا۔