ملا عبدالغنی برادر قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ مقرر

ملا عبدالغنی برادر قطر میں طالبان کے سیاسی دفتر کے سربراہ مقرر
کیپشن: ملا عبدالغنی کی تقرری کا مقصد امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کو درست سمت میں رکھنا ہے، ترجمان۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ الجزیرہ

کابل: قطری نشریاتی ادارے 'الجزیرہ' کے مطابق طالبان نے ملا عبدالغنی برادر کو قطر میں اپنے سیاسی دفتر کے سربراہ کے طور پر تعینات کر دیا ہے۔

افغان طالبان نے اعلان کیا کہ تنظیم کے امیر ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے تنظیم کے بانیوں میں شمار ملا عبدالغنی برادر کو سیاسی امور کے لیے اپنا نائب منتخب کیا ہے اور انہیں قطر میں سیاسی دفتر کی قیادت کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق ملا عبدالغنی کی تقرری کا مقصد امریکا کے ساتھ جاری مذاکرات کو درست سمت میں رکھنا ہے اور اسے بہتر بنانا ہے۔ ملا عبدالغنی برادر جلد قطر پہنچیں گے جہاں امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات جاری ہیں تاہم وہ آج ہونے والے مذاکرات کا حصہ ہوں گے یا نہیں اس حوالے سے کچھ واضح نہیں۔

 رپورٹ میں طالبان کے ذمہ دار اہلکار کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ ملا عبدالغنی کو قطر آفس کی ذمہ داری دینے کی وجہ یہ ہے کہ امریکا مذاکرات میں طالبان کی سینئر قیادت کی شمولیت کا خواہاں ہے۔