ٹرمپ کی عمران سے ملاقات ہو گی تو اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہوں گے، وزیر خارجہ

ٹرمپ کی عمران سے ملاقات ہو گی تو اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہوں گے، وزیر خارجہ
روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور غریب کو رہنے کے لیے چھت ملے گی، شاہ محمود قریشی۔۔۔۔۔فائل فوٹو

میرپور خاص: میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اس ملک کو کس نے لوٹا اور تباہ کیا یہ سب جانتے ہیں اور پچھلے 10 برسوں میں اس ملک کو تباہ کیا گیا جبکہ لوگوں نے ہمارے آنے کے بعد بھونچال کھڑا کر دیا تھا کہ معیشت کا بھٹہ بیٹھ گیا ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ لوگ جانتے تھے کہ معیشت کا بھٹہ کون بٹھا کر گیا اور کس حالت میں ہمیں معیشت ملی تھی۔


وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کے پی کے کی طرح سندھ اور پنجاب کی پولیس کو بھی بہتر کریں گے اور سیاسی بنیادوں پر پولیس میں کالی بھیڑوں کو لایا گیا جن کے خلاف کارروائی ہو رہی ہے اور پولیس کا کام لوگوں کی جان لینا نہیں بلکہ عوام کی جانوں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کو پاکستان کی ضرورت ہے اور امریکی صدر کی عمران خان سے ملاقات ہو گی تو دونوں ممالک کے اسٹریٹجک تعلقات مضبوط ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور غریب کو رہنے کے لیے چھت ملے گی، بہترین معاشی پالیسی کے باعث بہت سے انویسٹر پاکستان آنے کی خواہش ظاہر کررہے ہیں، ہماری تجارت اور ایکسپورٹ بڑھنی شروع ہورہی ہے، ملکی معیشت درست سمت کی طرف مڑچکی ہے، انشاء اللہ بہتری کے امکانات موجود ہیں۔