50 ممالک کو ویزا آن ارائیول کی سہولت دے رہے ہیں:فواد چودھری

50 ممالک کو ویزا آن ارائیول کی سہولت دے رہے ہیں:فواد چودھری
کیپشن: نیو نیوز سکرین گریب

اسلام آباد:وفاقی وزیرا طلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ 50 ممالک کوویزا  آن ارائیول کی سہولت دے رہے ہیں،بزنس ویزے کی سہولت 96 ممالک تک بڑھا دی گئی جبکہ برٹش ،امریکن پاسپورٹ رکھنے والے بھارتی باشندوں کو  ویزا  آن ارائیول کی سہولت ہو  گی۔

تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ حکومت نے 50 ممالک کو آن ارائیول ویزا جب کہ 175 ممالک کے شہریوں کو ای ویزا کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نئی ویزا پالیسی متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت 50 ممالک کو شہریوں کو ویزا آن ارائیول جب کہ 175 ممالک کو ای ویزا کی سہولت دی جارہی ہے۔


فواد چودھری نے کہا کہ برٹش اور امریکن پاسپورٹ رکھنے والے بھارتی باشندوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت ہوگی، کوشش ہے کہ نئے پاکستان کی معیشت ٹورازم کے لیے بنیاد بنے۔انہوں نے کہا کہ طالبعلموں کو مختلف مدت کے ویزے دیے جائیں گے، ڈگری پروگرام کے لیے 2 سال جبکہ ماسٹر پروگرام کے لیے 4 سال کا ویزا دیں گے، اسی طرح صحافیوں کو لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم ویزے جاری کریں گے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہمارا ملک سیاحوں کے لیے جنت ہے، 175 ملکو ں کو ای ویزہ کی سہولت دے دی گئی ہے،ڈپلومیٹک کارڈکی مدت 3سال تک بڑھا دی گئی ، ایاٹاکے پاس رجسٹرڈ ٹور آپریٹر دنیا بھر سے سیاح لاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے نئے پاکستان کی معیشت ٹورازم کیلئے بنیادبنے جبکہ پاکستان میں سیاحت کے شعبے میں 4 کیٹیگریز ہیں۔


فواد چودھری نے کہا کہ ساہیوال کا واقعہ تو غلطی تھا،سب سے زیادہ ماورائے عدالت قتل تو شہباز شریف نے کرائے،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے اپوزیشن کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وزیراعظم کی پارلیمنٹ آمدپر طعنے اورفقرے کسے جاتے ہیں،عمران خان کی ایوان آمدپراپوزیشن کارویہ درست نہیں تھا، ایوان میں شہبازشریف نے وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہا، جن کی اپنی کوئی حیثیت نہیں ، وہ ہمیں بتارہے ہیں کہ آپ کہاں سے آئے ؟ہمیں پارلیمنٹ کابڑااحترام ہے،اپوزیشن کو بھی وزیر اعظم کااحترام کرناہوگا۔


ان کا کہنا تھا جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ہمارے امریکہ کے ساتھ تعلقات کیا تھے، یو اے ای کے ولی عہد 12 سال بعد پاکستان آئے اور آج ہم یورپ اور مشرق وسطیٰ پر کہاں کھڑے ہیں، کوئی 5 ماہ میں ایسا کردار ادا نہیں کر سکتا تھا۔


وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف اور سعد رفیق کیخلاف نیب کی انکوائری مذاق بن گئی ہے، ان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے ہیں اور پروٹوکول دیا جاتا ہے۔فواد چودھری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کیا گیا اور ساہیوال واقعہ تو غلطی سے ہوا۔سندھ والوں کے دل آج کل کمزور ہیں، ان پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں، وزیراعظم سندھ کا دورہ کریں گے، پاکستان کو خطرہ نہیں بلکہ سندھ کے زرداروں کو خطرہ ہے۔