بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان

بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان
کیپشن: صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک رہے گا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا تاہم بالائی خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، کشمیر اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر بر فباری کا امکان ہے۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہفتے کی صبح ہلکے بادل چھائے رہے جس کے سبب سردی کی شدت میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ صبح کے وقت شہر کا درجہ حرارت 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جو زیادہ سے زیادہ 16 تک جا سکتا ہے۔

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک رہے گا تاہم صبح کے وقت راولپنڈی، جہلم، چکوال، سیالکوٹ اورنارووال میں مطلع جزوی ابر آلودرہنے کےساتھ ہلکی بارش ہو سکتی ہے جب کہ مری میں برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا تا ہم چترال، دیر، مالاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کالام، مالم جبہ، سوات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری ہو سکتی ہے۔

بلوچستان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں آج موسم خشک اور شدید سرد رہے گا۔

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہا۔ سب سے زیادہ سردی اسکردو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔