ایم ایل ون انقلابی اقدام ہے، حکومت اسے مکمل کرے گی، شیخ رشید

ایم ایل ون انقلابی اقدام ہے، حکومت اسے مکمل کرے گی، شیخ رشید
کیپشن: سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی، شیخ رشید

لاہور: شیخ رشید نے مغلپورہ ڈرائی پورٹ پر نئی فریٹ ٹرین کا افتتاح کر دیا۔ انہوں نے کہا میری زندگی کا مقصد ایم ایل ون ہے اور اس کے بعد مستعفی ہو جاؤں گا، ایم ایل ون انقلابی اقدام ہے، حکومت اسے مکمل کرے گی۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ایک ماہ میں 5 ڈرائی پورٹس کھولنے جا رہے ہیں اور ریلوے کی ترقی ملک کی ترقی ہے، فریٹ ٹرینوں پر ٹریکر نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا 16 ماہ میں جو مسائل ہمیں ملے کسی اور حکومت کو نہیں ملے اور کوئی ہفتہ ایسا نہیں ہوتا جب حکومت کو کسی مسئلے سے نہ نمٹنا ہو جبکہ سی پیک کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کابینہ اجلاس میں آٹے کی برآمدات کے خلاف ووٹ دیا تھا، مانتا ہوں آٹا بحران پر ہم قابو نہیں پاسکے، ملک میں مضبوط پرائس کنٹرول کمیٹی ہونی چاہیے، چینی کی قیمت میں اضافے کی ذمہ داری چینی مافیا ہے۔ انہوں نے کہا ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ جھوٹ کی آما جگاہ ہے، عمران خان ہر مشکل سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، چوروں، ڈاکوؤں اور لٹیروں نے خزانے کو لوٹ لیا۔