وزیراعظم کی قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت

PM directs to expand scope of operation against Qabza Mafia
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپنے زیر صدارت ہونے والے ایک اہم اجلاس میں قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والوں کو ن لیگ کی سرپرستی حاصل رہی۔ سیاسی سرپرستی کے بغیر کوئی بھی سرکاری زمین پر قبضہ نہیں کر سکتا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ حیرت ہے سرکاری زمینوں کا قبضہ چھڑانے کو بھی سیاسی انتقام قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے والے اب خود پھنس چکے ہیں۔ الیکشن کمیشن میں ہمارا موقف درست ثابت ہوا۔ براڈشیٹ کے معاملے پر شفاف اور منصفانہ تحقیقات کرانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ہر کردار کو سامنے لائیں گے۔ اپوزیشن کی خام خیالی ہے کہ وہ پراپیگنڈا کرکے حقائق چھپا لیں گے۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے زیر اہتمام تجارت اور ترقی سے متعلق کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت صحت عامہ اور معاشی حوالے سے غیر معمولی بحران کا سامنا ہے۔ کورونا بلا تفریق امیر اور غریب سب کو متاثر کر رہا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا سے پسماندہ ممالک اور ان کے عوام سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ وبا کی صورتحال میں لاکھوں افراد خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ لوگوں کو بروقت وبا، بھوک اور افلاس کے ہاتھوں ہلاکت سے بچانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک وبا اور قرضوں کے بوجھ تلے جکڑے ہوئے ہیں۔ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین ترقی یافتہ ممالک میں لگائی جا رہی ہے۔ دوسری جانب وبا سےعالمی سطح پر ترقی کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جس کیلئے 5 نکاتی ایجنڈا کی تجویز دے رہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ وبا کے خاتمے تک مقروض ممالک کے قرضوں میں اضافی رعایت دی جائے، وبا کے تدارک کیلئےسہولتوں میں اضافہ کیا جائے، عالمی سطح پر مالیاتی اداروں کی جانب سے امدادی اقدامات میں اضافہ کیا جائے، ترقی پذیر ممالک کو ویکسین بلاتعطل فراہم کی جائے اور5  ارب ڈالر کے امدادی فنڈ کا قیام عمل میں لایا جائے۔وزیراعظم نے کہا کہ فنڈ کے قیام کا مقصد قرضوں کی فراہمی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔