مسلم لیگ (ن) کا سینیٹ انتخابات اور پارلیمان کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعلان

مسلم لیگ (ن) کا سینیٹ انتخابات اور پارلیمان کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعلان
کیپشن: مسلم لیگ (ن) کا سینیٹ انتخابات اور پارلیمان کی سیاسی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا اعلان
سورس: فوٹو/اسکرین گریب

اسلام آباد: حکومت کو ٹف ٹائم دینے کے لئے مسلم لیگ (ن) نے سینیٹ انتخابات اور پارلیمان کی سیاسی سرگرمیوں میں بھر پور انداز میں حصہ لینے کا اعلان کر دیا ہے۔ 

یہ فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی اعلی ٰ قیادت کے اجلاس میں کیا گیا اور اس اجلاس کی صدارت مریم نواز شریف نے کی۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے۔ ہم پارلیمان میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ حکومت کو قومی اور عوامی ایشوز پر ٹف ٹائم دیا جائے گا۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ استعفوں کا فیصلہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کرے گی اور تمام جماعتیں اس کو تسلیم کرنے کی پابند ہونگی اور حکومت سے اب کوئی بات نہیں ہو سکتی۔ ن لیگی ارکان ثابت قدم پر شاباش کے مستحق ہیں۔ (ن) لیگ کے شیروں کو کوئی ڈرا نہیں سکتا۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا اب حکومت کو انشاءاللہ کوئی این آر او نہیں ملے گا کیونکہ عوام کے اندر آگاہی حکومت کی کارکردگی سے آتی ہے اور کارکردگی آپکے سامنے ہے اور ہر روز مہنگائی کا ایک طوفان آتا ہے۔ پاکستان کے 73سالوں میں جو ناکامی نہیں ہوئی وہ ان ڈھائی سالوں میں پاکستان کی تنزلی کا جو سفر طے ہوا ہے اس کے لیے کسی قسم کی آگاہی کی ضرورت نہیں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو تحریک عدم اعتماد کی تجویز لائیں اور ہم ان کی تجویز کو پی ڈی ایم کے اجلاس میں غور کریں گے۔