ثابت ہو گیا عمران خان کرپٹ ہیں فوری استفیٰ دیں: شہباز شریف

ثابت ہو گیا عمران خان کرپٹ ہیں فوری استفیٰ دیں: شہباز شریف

لاہور : قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اورمسلم لیگ ن کے صدر  شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی ادارے کی رپورٹ عمران نیازی کے خلاف فرد جرم ہے،   کرپٹ حکمران اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرکے فوری استعفیٰ دیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے لیگی صدر کا کہنا ہے کہ کرپشن کے عالمی انڈیکس میں 
پاکستان کا 16 درجے نیچے جانا افسوسناک اور عالمی سطح پر ملک کی بدنامی کا سبب ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ 2019 سے 2021 تک ہر سال پی ٹی آئی کے دور میں پاکستان میں کرپشن بڑھی ہے ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہر سال کرپشن میں کمی واقع ہوئی ،

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی گڈ گورننس اور قانونی اصلاحات سے پاکستان کی کرپشن انڈیکس میں رینکنگ 23 درجے بہتر ہوئی تھی۔مسلم لیگ (ن) کے دور میں پاکستان کی رینکنگ بہتر ہوکر 117 پر آگئی تھی، عالمی سطح پر پاکستان کی عزت میں اضافہ ہوا تھا ،آٹا،چینی، بجلی، گیس، دوائی، یوریا، ایل این جی،کورونا سمیت ہر شعبے میں کرپشن ہوگی تو پاکستان کرپشن انڈیکس میں 124 سے 140 پر کیوں نہیں جائے گا؟ 

شہباز شریف نے کہاہے کہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے مسلسل دوسری بار گواہی دی ہے کہ عمران نیازی حکومت کرپٹ اور چور ہے، ملک ان کی لوٹ مار کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی کی وزارت عظمیٰ میں پاکستان کرپشن میں تیزی سے ترقی کر رہا ہے، دنیا کہہ رہی ہے کہ وزیراعظم چور ہے ۔
ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی پاکستان میں کرپشن کے اضافہ پرجاری رپورٹ کے بعد شہبازشریف کا مزیدکہناتھاکہ وزیراعظم نواز شریف کی ایمان دار اور اہل قیادت میں پاکستان میں کرپشن میں کمی آئی تھی، اگر وزیراعظم اور اس کی ٹیم ایماندار ہو تو اس کااثر نیچے نظر آتا ہے مگر افسوس کہ موجودہ کرپٹ ٹولے نے ساری محنت ضائع کر دی ۔ان کاکہناتھاکہ کرپشن کرپشن کا شور مچانے والوں کی ہر روز چوریاں پکڑی جا رہی ہیں، دوسروں پر بے بنیاد الزامات لگانے والوں کو عالمی ادارے چور اور کرپٹ قرار دے رہے ہیں۔

شہباز شریف نے مزید  کہا کہ کبھی ایسا نہیں ہوا کہ پاکستان کرپشن میں 14 ممالک سے نیچے چلا گیا ہو،ای آئی یو کا 40 فیصد اور ورلڈ اکنامک فورم کا 5 فیصد پاکستان کے سکور کو کم کرنا پی ٹی آئی کی کرپشن پر فرد جرم ہے۔

مصنف کے بارے میں