پی آئی اے کے منجمد اکاؤنٹس بحال کر دئیے گئے 

پی آئی اے کے منجمد اکاؤنٹس بحال کر دئیے گئے 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں معاملات طے پا گئے جس کے باعث قومی ائیرلائن کے 50 منجمد اکاؤنٹس بحال کر دئیے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ٹیکس ڈیفالٹر ہونے پر ایف بی آر کی جانب سے پی آئی اے کے اکاؤنٹس منجمد کرنے پر اعلیٰ حکام نے خفگی کا اظہار کیا جس پر وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کی ہدایت پر چیئرمین ایف بی آر ڈاکٹر اشفاق احمد اور پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیر مارشل (ر) ارشد ملک کے درمیان ملاقات ہوئی۔ 
پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر سے ملاقات ہوئی جس دوران بات چیت کے ذریعے مسئلے کا حل نکال لیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین ایف بی آر کو باور کرایا ہے کہ پی آئی اے نامساعد حالات کے باوجود حالیہ واجبات کی ادائیگی کرتی رہے گی۔ 
قومی ایئرلائن نے 2021ءمیں 4.7 ارب روپے کوویڈ کے دوران نامساعد حالات کے باوجود ایف بی آر کو ادا کئے جبکہ ماضی کے بقایہ جات کی ادائیگی کیلئے وفاقی حکومت سے کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں رہنمائی لی جائے گی۔ 
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر کا اکاؤنٹس منجمد کرنا وفاقی کابینہ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے، مذکورہ مطلوب ٹیکس کی رقم 2016ءسے 2020ءتک کی ہے جبکہ وفاقی کابینہ کا پی آئی اے کے اصلاحاتی عمل کے مکمل ہونے تک یہ رقم منجمد رکھنے کا فیصلہ موجود ہے۔
ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ پی آئی اے کی ساکھ مجروح کرنے کے مترادف ہے اور یہ اقدام قومی ادارے کی بین الاقوامی سطح پر سبکی کا باعث بھی بنے گا۔ 
واضح رہے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی عدم ادائیگی کے باعث قومی ایئرلائن پی آئی اے کے 50 بینک اکاؤنٹس منجمد کردیئے ہیں۔ ایف بی آر حکام کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے گزشتہ 2 سال سے واجب الادا فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں ساڑھے 46 کروڑ روپے کی رقم ریکور کرلی ہے۔

مصنف کے بارے میں