فواد چوہدری کو غیر مشروط معافی مانگنا ہو گی: عطاءتارڑ

فواد چوہدری کو غیر مشروط معافی مانگنا ہو گی: عطاءتارڑ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے معاون خصوصی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کو غیر مشروط معافی مانگنا ہو گی۔ 
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری کی بازیابی کی درخواست پر آئی جی پنجاب کی طلبی پر سخت ردعمل دیتے ہوئے عطاءتارڑ کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے جرم کیا ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کو دھمکانا کوئی عام بات نہیں۔
انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی اس قسم کی گفتگو پر 6 ماہ قید میں رہے، لاہور ہائیکورٹ کے جج سے التجا ہے کہ انصاف کا نظام دہرا نہیں ہو سکتا، کون سی قیامت آ گئی ہے جو 2 آئی جیز کو طلب کیا گیا، یہ نہیں ہو سکتا کہ مقدمہ درج ہوتے ہی خارج ہوجائے۔
عطاءتارڑ کا کہنا تھا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن سے آئی درخواست پر قانون کے مطابق پرچہ درج گیا، کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے جبکہ فواد چوہدری کو غیرمشروط معافی مانگنا ہو گی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءنے مزید کہا کہ فواد چوہدری کی الیکشن کمیشن کو دھمکیاں کوئی عام بات نہیں، ان کی عادتیں بگڑی ہوئی ہیں، یہ اپنے دور میں بے گناہ لوگوں کو جیل میں ڈالتے تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے تاہم انہوں نے سنگین جرم کیا جس کا جواب دینا پڑے گا، ہم بھی 4 سال جیلوں میں رہے، محسن نقوی کی تعیناتی پر غم و غصہ ہے تو اپوزیشن لیڈر سے مشورہ کر لیتے۔ 

مصنف کے بارے میں