ملک بھر میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ بڑھ گیا

اسلام آباد: آئل ٹینکر ایسوسی ایشن اور وزارت پیٹرولیم کے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں ، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ مزید بڑھ گیا۔

ملک بھر میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ بڑھ گیا

اسلام آباد: آئل ٹینکر ایسوسی ایشن اور وزارت پیٹرولیم کے مابین مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں ، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول کی قلت کا خدشہ مزید بڑھ گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹینکرز مالکان نے اوگرہ کے نئے قوانین ماننے سے انکار کردیااور مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اسلام آباد میں سیکریٹری پیٹرولیم اور آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ایسوسی ایشن کے چیرمین یوسف شاہوانی شریک ہوئے جب کہ مذاکرات میں چیئرپرسن اوگرا عظمٰی عادل،ڈی جی آئل عبدالجبارمیمن بھی شریک ہوئے۔ مذاکرات کے دوران آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے غیر معیاری ٹینکرز کے ذریعے ہی تیل سپلائی کرنے پر اصرار کیا اور اوگرا قوانین کو ماننے سے انکار کردیا۔چیرمین ایسوسی ایشن یوسف شاہوانی نے کہا کہ معیارات پر فوری عملدرآمد ممکن نہیں اور ٹینکر ایکسلز سمیت دیگر ریگولیشن اپنانے میں وقت لگے گا۔این ایچ اے کے ساتھ ہمارا معاہدہ 2 ایکسل کا ہے، 10 سال سے یہ چل رہا ہے تو اب کیا ہوگیا، اب اوگرا سوتا ہوا جاگ گیا ہے ہم ایکسل بڑھانے کو نہیں مانتے، اوگرا کا قانون نہیں مانتے ان کی پالیسی غلط ہے، ٹینکر کو آگ ہم نے نہیں لگائی بلکہ لوگوں نے ٹینکر کو جلایا۔
یوسف شاہوانی کا کہنا تھا کہ موٹروے والے بلاوجہ ہماری گاڑیوں کے چالان کررہے ہیں، جو پرانا سسٹم چل رہا تھا وہ سسٹم بحال کیا جائے۔ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے کہا کہ ہمارے سیکریٹری پیٹرولیم کے ساتھ مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جب تک حکومت ہمارے مطالبات نہیں مانتی ملک بھر میں ہڑتال اسی طرح جاری و ساری رہے گی۔