لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون بارش سے موسم خوشگوار

لاہور سمیت ملک بھر میں مون سون بارش سے موسم خوشگوار

لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔اس کے ساتھ ہی رواں برس مون سون میں پہلے سے زیادہ بارشوں کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور میں صبح سویرے شروع ہونے والی طوفانی بارش مسلسل جاری ہے ،نشیبی علاقے زیرآب،ٹریفک کی روانی متاثر،لیسکو کے 180 فیڈرز ٹرپ کرنے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ شہریوں کوشدیدمشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

لاہور اور فیصل آباد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت37ملتان اور سرگودھا میں 39سینٹی گریڈ رہے گا ۔بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون کا نیا سلسلہ پاکستان میں داخل ہوگیا ہے ،اسلام آباد اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری،کراچی میں بھی بادل برس پڑے۔

محکمہ موسمیات نے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کر دی ،این ڈی ایم اے نے ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کردیا ،دریائے سندھ میں کوٹ مٹھن کے مقام پر اونچے درجے کا سیلا ب ،قریبی علاقوں سے شہریوں کی نقل مکانی جاری ہے۔

دوسری جانب لاہور میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بلو چستان کے ژوب اورقلات ڈویژن میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات سے ہفتہ کے دوران راولپنڈی، سرگودھا، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، مردان ڈویژن ، اسلام آباد اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیزہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔جبکہ اس دوران کوہاٹ، بنوں، ڈی آئی خان، ژوب ،قلات، سبی، نصیرآباد، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور ، ساہیوال ڈویڑن اور گلگت بلتستان میں بھی کہیں کہیں تیزہواﺅں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ہفتہ کے دوران ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیزہواﺅں/آندھی کے ساتھ مزید مون سون بارش کی پیشگوئی کی ہے۔