جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی شہزادے سے ٹیلیفونک رابطہ، شاہ سلمان کی طبیعت دریافت کی

جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی شہزادے سے ٹیلیفونک رابطہ، شاہ سلمان کی طبیعت دریافت کی

اسلام آباد:جنرل قمر جاوید باجوہ کا سعودی شہزادے سے ٹیلیفونک رابطہ، سعودی فرمانروا شاہ سلمان کی طبیعت دریافت کی۔

سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی بادشاہ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ولی عہد شہزادہ کو اپنا خصوصی پیغام دیا۔

مزید بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر سعودی شہزادے کی جانب سے جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔بتایا گیا ہے کہ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے مشترکہ دلچسپی کے امور اور علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر تازہ ترین پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے سعودی فرماں رواں شاہ سلمان کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا جہاں ان کے پتے کا آپریشن کامیابی کے ساتھ کیا گیا تھا۔بتایا گیا تھا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز کے پتے کو نکالنے کا کامیاب آپریشن ہو گیا ہے جس کے بعد ان کی حالت سدھر گئی ہے اور وہ تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کوچند روز قبل طبی معائنے کیلئے اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق 84 سال کے شاہ سلمان کو پتے میں سوجن کے سبب ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔شاہی محل سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان کو طبی معائنے کے لیے کنگ فیصل سپیشلسٹ ہسپتال میں داخل کیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم فرمانروا کا معائنہ کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز 31 دسمبر 1935 کو پیدا ہوئے، وہ 2015 میں سعودی عرب کے بادشاہ بنے تھے، اس سے قبل وہ48 سال تک ریاض کے ڈپٹی گورنر اور گورنر بھی رہے۔شاہ سلمان سعودی عرب کے وزیردفاع بھی رہ چکے ہیں ۔

انہیں 2012 میں سعودی عرب کے بادشاہ کے طور پر نامزد کیا گیا تھا اور2015 میں ان کے بھائی عبداللہ کی موت کے بعد انہیں بادشاہت ملی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان بن عبد العزیز ہسپتال میں صحت یاب ہو رہے ہیں۔سعودی فرمانروا شاہ سلمان کے آپریشن کی کامیابی کی خبر کو مملکت بھر میں بہت خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔