تربت، دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا لانس نائیک وطن پر قربان

تربت، دہشتگردوں کی فائرنگ، پاک فوج کا لانس نائیک وطن پر قربان
واقعہ بلوچستان کے علاقے تربت سے 35 کلومیٹر دور ہوا۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ آئی ایس پی آر

تربت: بلوچستان کے علاقے تربت میں دہشتگردوں کی فائرنگ کے باعث پاک فوج کا ایک اور سپوت ملک پر قربان ہو گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق واقعہ بلوچستان کے علاقے تربت سے 35 کلومیٹر دور ہوا۔ سکیورٹی فورسز کی پٹرولنگ ٹیم پر دہشتگردوں نے فائرنگ کر دی، فائرنگ کے باعث پاک فوج کا لانس نائیک جاوید کریم شہید ہو گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ سے سکیورٹی فورسز کے تین جوان زخمی ہو گئے۔ جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

یاد رہے کہ 14 جولائی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا تھا کہ دہشتگردوں نے پنجگور کے قریب کاہان ویلی میں پاک فوج کی پٹرولنگ ٹیم پر حملہ کیا۔ فائرنگ سے افسر سمیت 8 جوان بھی زخمی ہوئے تھے۔

پاک فوج کی پیٹرولنگ ٹیم معمول کے گشت پر تھی کہ اچانک دہشتگردوں نے پنجگور کے قریب کاہان ویلی میں ان پر فائرنگ شروع کر دی تھی۔

دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں تین جوان شہید جبکہ افسر سمیت 8 زخمی ہو گئے تھے ۔