آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کیلئے ووٹنگ کا عمل جاری

Azad Kashmir Legislative Assembly elections, polling process begins
کیپشن: فائل فوٹو

مظفر آباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے 45 انتخابی حلقوں میں پولنگ جاری ہے۔ 32 لاکھ 20 ہزار 793 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجےتک جاری رہے گی۔

مجموعی طور پر 6 ہزار 139 پولنگ سٹیشنز پر 9 ہزار 101 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جبکہ ایک ہزار 209 پولنگ سٹیشنز حساس اور 826 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔

45 انتخابی نشستوں کیلئے 28 سیاسی جماعتوں کے امیدوار میدان میں ہیں۔ پاکستان میں مقیم 4 لاکھ سے زائد کشمیری بھی ووٹ ڈالیں گے۔

آزاد جموں و کشمیر کے اضلاع میں تینتیس اور پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم جموں و کشمیر کے پناہ گزینوں کے بارہ حلقوں سمیت کل پینتالیس نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں۔

ادھر ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر فرحت علی میر نے کہا ہے کہ پاکستان بھر میں مقیم کشمیر ی پناہ گزینوں کے انتخابی حلقوں میں آزادانہ ،منصفانہ اور شفاف انتخابات کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پُر امن ماحول میں ووٹرز کے حق رائے دہی کا عمل مکمل کرنے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج کے جوان پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود  ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کشمیری پناہ گزینوں کے بارہ حلقوں میں ہونے والے انتخاب کیلئے ضروری معاونت فراہم کر رہا ہے۔

آزاد کشمیر انتخابات کیلئے سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔ 32 ہزار سے زائد سول اور آرمڈ فورسز کے اہلکار تعینات ہیں۔ 826 پولنگ سٹیشنز حساس ترین جبکہ 1209 حساس قرار دیے گئے ہیں۔ فوج پولنگ سٹیشنز کے باہر کوئیک رسپانس فورس کے طور پر موجود ہوگی۔

خواتین کی 5، علماء مشائخ، ٹیکنو کریٹس اور سمندر پار کشمیریوں کیلئے ایک ایک نشست مختص کی گئی ہے۔ 33 انتخابی حلقوں میں 587 امیدوار جبکہ مہاجرین کی 12 نشستوں پر 121 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہو رہا ہے۔

 پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پہلی مرتبہ سب سے زیادہ 261 آزاد امیدوار میدان اترے ہیں۔ مجموعی طور پر 6 ہزار 139 پولنگ سٹیشنز پر 9 ہزار 101 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔