آزاد کشمیر الیکشن، رکشہ ڈرائیور کو عمران خان نے ٹکٹ دیا جو کامیاب ہو گیا، شیخ رشید

آزاد کشمیر الیکشن، رکشہ ڈرائیور کو عمران خان نے ٹکٹ دیا جو کامیاب ہو گیا، شیخ رشید
کیپشن: ساڑھے 9 بجے آزاد کشمیر میں مکمل حکومت بننے کا اعلان کروں گا، شیخ رشید
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ٓفیصل آباد کی چمگادڑ ہمیشہ گندی زبان استعمال کرتا ہے اور آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت بنانے جا رہی ہے۔ 

میڈیا سے گفتو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا راولپنڈی کی تاریخ کو آج زندہ رکھا اور ایک رکشہ ڈرائیور کو عمران خان نے ٹکٹ دیا جو کامیاب ہو گیا جبکہ اس کے مقابلے میں بڑے بڑے سورما ہار گئے اور ساری قوم کو بتانا چاہتا ہوں وزیر داخلہ ہوں کوئی ایف سی نہیں لگائی اور نہ ہی کسی جگہ رینجرز لگائی اگر ثابت ہو جائے تو قوم کو جواب دہ ہوں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ راولپنڈی کی روایت ہے الیکشن میں ایک دوسرے سے نہیں لڑتے اور ہمیشہ نتیجے کا وقت آنے پر اعلان کرتے ہیں جبکہ جو لوگ کہتے تھے وہ کشمیری ہیں وہ کہاں کے کشمیری ہیں ان کا ڈومیسائل تو کیا شناختی کارڈ بھی کشمیر کا نہیں اور مریم نواز کا بھی کشمیر سے کوئی تعلق نہیں۔ 

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی حکومت بنانے جا رہی ہے اور سندھ میں بھی پی ٹی آئی جلد حکومت بنائے گی جبکہ فیصل آباد کی چمگادڑ ہمیشہ گندی زبان استعمال کرتا ہے۔ کشمیریوں سے کہتا ہوں عمران خان کشمیر کا کیس ساری دنیا میں لڑے گا اور پی ٹی آئی کشمیر کے الیکشن میں راولپنڈی سے پہلے نہیں جیتی لیکن آج کیش گروپ ہار گیا اور عمران خان کا بلا گروپ جیت گیا ہے جبکہ ساڑھے 9 بجے آزادکشمیر میں مکمل حکومت بننے کا اعلان کروں گا جبکہ راولپنڈی کی جیت لال حویلی اور عمران خان کی جیت ہے.

ان کا مزید کہنا تھا کہ نالہ لئی بننے جا رہا ہے، کالج اور اسپتال بھی بننے جا رہا ہے اس کے علاوہ عمران خان داسو ڈیم اور بھاشا ڈیم بنانے جا رہے ہیں۔