ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس کی سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل دینے کی درخواست کریں گے: رانا ثناءاللہ

ڈپٹی سپیکر رولنگ کیس کی سماعت کیلئے نیا بینچ تشکیل دینے کی درخواست کریں گے: رانا ثناءاللہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان سے احترام کے ساتھ گزارش کریں گے کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی کی رولنگ سے متعلق کیس کو نہ سنیں اور نیا بینچ بنائیں۔ 
تفصیلات کے مطابق رانا ثناءاللہ نے کہا کہ پارٹی قیادت نے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری کی رولنگ کیخلاف درخواست کی سماعت میں جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس سے احترام کے ساتھ گزارش کریں گے کہ کیس کو نہ سنیں اور نیا بینچ بنائیں جبکہ یہ درخواست بھی کی جائے گی کہ فل کورٹ کیس کی سماعت کرے۔ 
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ بینچ کے جج صاحبان کے ہم سے متعلق خیالات سے سب واقف ہیں، اور ہم یہ بھی نہیں کہہ رہے کہ موجودہ ججز کیس نہ سنیں بلکہ چاہتے ہیں فل کورٹ سماعت کرے۔ 
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءحمزہ شہباز 22 جولائی کو پنجاب اسمبلی میں ہونے والے اجلاس میں ڈیڑھ ماہ کے دوران دوسری بار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہوئے تھے۔
ان کے مخالف امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا تھا جس پر سپریم کورٹ نے فیصلہ سناتے ہوئے انہیں پیر تک ٹرسٹی وزیراعلیٰ رہنے کا حکم نامہ جاری کیا۔

مصنف کے بارے میں