شاہ سلمان کی سعودی قوم اور عالم اسلام کو عیدالفطر کی مبارک باد

شاہ سلمان کی سعودی قوم اور عالم اسلام کو عیدالفطر کی مبارک باد

ریاض: خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ماہ صیام کے اختتام اور عیدالفطر کے موقع پر سعودی قوم اور پورے عالم اسلام کو عید کی مبارک باد پیش کی ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان کی جانب سے عید الفطر کی مناسبت سے جاری خصوصی پیغام وزیر ثقافت واطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے پڑھ کرسنایا۔


شاہ سلمان نے اپنے عید پیغام میں حمد ثنا کے بعد سعودی عوام اور شرق وغرب میں پھیلی پوری مسلم امہ کو مخاطب کرتے ہوئے انہیں عید الفطر کی مبارک باد پیش کی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ خوشی کے اس موقع پر ہم وفور مسرت کے ساتھ اللہ جل شانہ کے اس احسان کا شکر بھی ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں ایک بار پھر ماہ مقدس کے دنوں کا روزہ اور راتوں کے قیام کا موقع نصیب فرمایا، ہمیں ایک بار پھر اپنی عبادت اور قربت کا عظیم موقع دیا۔

اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان عالی شان ہے کہ اللہ تعالی فرماتا ہے کہ ابن آدم کا ہرعمل اسی کے لیے ہے اور روزہ میرے لیے ہے، سو میں ہی اس کی جزا دوں گا۔ اللہ تعالی پورے عالم اسلام کے ماہ صیام کے روزے، عبادات اور قیام کو شرف قبولیت عطا کرے۔شاہ سلمان نے اپنے پیغام میں عالم اسلام پر اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے، رواداری کے کلچر کو عام کرنے، اسلامی معاشروں میں تعاون اور تکافل کو فروغ دینے، مظلوم کی حمایت کرنے، رشتہ داروں سے صلہ رحمی کرنے اور بے سہارا لوگوں کی مدد کرنے کی بھی تلقین کی۔

نیوویب ڈیسک< News Source