چھ ماہ دھرنے دیئے جائیں گے تو ملک کیسے ترقی کرے گا، شہباز شریف

چھ ماہ دھرنے دیئے جائیں گے تو ملک کیسے ترقی کرے گا، شہباز شریف
کیپشن: کراچی کیلئے صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ وفاقی حکومت کو بھی سالانہ فنڈ مختص کرنا ہو گا۔۔۔شہباز شریف۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا سی پیک مسلم لیگ ن کی حکومت میں آیا اور ہماری حکومت نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا ہے۔ 2013 میں سب سے بڑا پہلا چیلنج لوڈشیڈنگ تھا اور ملک میں پہلے 18، 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ ہوتی تھی لیکن اب یہ صورتحال نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کراچی میں دہشت گردی اور بھتہ عروج پر تھی لیکن اس ناسور کو ختم کیا اور آج شہر میں امن کی فضا قائم ہو گئی ہے جبکہ سرمایہ کاری بھی بڑھ رہی ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کو میانوالی سے الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

صدر مسلم لیگ نے کہا 5سال کےدوران بہترین کارکردگی دکھائی اور ماضی کی کارکردگی کے سوا ووٹ دینے کا کوئی پیمانہ نہیں ہو سکتا۔ 6 ماہ ملک میں دھرنے کا ماحول بنایا تو اس صورتحال میں ملک کیسے ترقی کر سکتا ہے اور ان دھرنوں کی وجہ سے متعدد پراجیکٹ تاخیر کا شکار ہوئے۔

 ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کراچی کیلئے صرف صوبائی فنڈز پر انحصار نہ کیا جائے بلکہ وفاقی حکومت کو بھی سالانہ فنڈ مختص کرنا ہو گا۔ 

انہوں نے کہا کراچی پاکستان کا کماؤ پوت ہے جو بلا تفریق سب کو خوش آمدید کہتا اور روزگار دیتا ہے لیکن کراچی کی حالت پر اب رونے دھونے کا کوئی فائدہ نہیں آگے دیکھنا ہے کیونکہ کراچی کو ایشیا کا نہیں ساری دنیا کا مثالی شہر ہونا چاہیے تھا اور کراچی کے معاملے میں سب ہی ذمے دار ہیں چاہیے سیاسی ہوں یاغیر سیاسی حکومت سب کو مل کر کام کرنا ہو گا۔

شہباز شریف نے دعویٰ کیا کہ 6 ماہ میں کوڑا کرکٹ کے ڈھیرختم کریں گے اور کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ چلائیں گے کیونکہ شہر میں فری وے نہ بنائے گئے تو شہر جام ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا موقع ملا تو بھاشا ڈیم پر 5 سال میں 70 تا 80 فیصد کام ہو جائے گا جبکہ نواز شریف کے دور میں بھاشا ڈیم پر 100 ارب روپے کی انویسٹمنٹ کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات 2018 ءکو ملتوی کرنے کی تینوں درخواستوں کو الیکشن کمیشن نے مسترد کردیا

دورہ کراچی کے دوران شہباز شریف آج شام اپنے حلقے این اے 249 کا دورہ کریں گے اور بلدیہ ٹاؤن میں عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ شہباز شریف منگل کو لیاری اور ضلع ملیر کا بھی دورہ کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں