موقع ملا تو کراچی کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے:شہباز شریف

موقع ملا تو کراچی کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے:شہباز شریف
کیپشن: image by facebbok

کراچی :پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ موقع ملا تو کراچی کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے اور اس شہر کو جنوبی ایشیا کا سب سے ترقی یافتہ شہر بنائیں گے۔

کراچی میں فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ( ایف پی سی سی آئی ) میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے کراچی کا امن بحال کرکے دکھایا، کراچی میں امن قائم کرنے میں رینجرز نے عظیم قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی جیسا شہر پانی کے بحران کا شکار ہے، اس شہر کی حیثیت دنیا میں مثالی ہونی چاہیے تھی کیونکہ شہر قائد نے ملک بھر کے لوگوں کو ماں کی طرح آغوش میں لیا ہوا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وفاق کو آئندہ برسوں میں کراچی کے لیے زیادہ اور خصوصی ترقیاتی فنڈز مختص کرنا ہوں گے، اگر انہیں موقع ملا تو کراچی کے بڑے مسائل حل کریں گے۔

اس موقع پر دیگر معاملات پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہداری ( سی پیک) مسلم لیگ (ن) کے دور میں آیا، یہ منصوبہ ایک سال پہلے آجاتا لیکن ملک میں دھرنے دیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں 6، 6 مہیںے دھرنے دیے گئے، ایسے حالات میں ملک کیسے ترقی کرسکتا تھا، لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) ملک میں ترقی کے منصوبے لائی اور معیشت کے لیے کام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو سب سے بڑا چیلنج توانائی کا تھا، ملک میں 18،18 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ ہوتی تھی جبکہ کراچی میں دہشت گردی اور بھتہ خوری عروج پر تھی۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ان تمام چیلنجز کے باوجود مسلم لیگ (ن) نے کام کیا اور فیصلہ کیا کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنا ہے، اس کے علاوہ کئی خصوصی منصوبوں پر توجہ دے کر انہیں مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور حکومت کے 5 سال میں بجلی کا 90 فیصد مسئلہ حل ہوچکا ہے جبکہ بجلی کے 4 پلانٹس کے ذریعے 112 ارب روپے کی بچت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دھرنوں میں قوم کا قیمتی وقت ضائع کیا گیا اور ایک غیر مستحکم ملک میں معاشی ترقی کی رفتار سست ہوتی ہے لیکن اس کے باوجود ابتر صورتحال میں ترقی کرنا معجزہ ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ ہمیں الزام تراشی سے کام نہیں لینا چاہیے، عوام کو دیکھنا ہوگا کہ کونسی جماعت ملک کو آگے لے کر جاسکتی ہے، مجھے یقین ہے کہ عوام کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر 2 روزہ دورے پر کراچی میں ہیں اور انہوں نے یہاں سے اپنی جماعت کی انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز کردیا ہے۔

شہباز شریف اپنے دورے کے دوران کراچی سے اپنے انتخابی حلقے این اے 249 کے عوام سے بھی خطاب کریں گے اور شہر کے دیگر مختلف علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔