گرفتاری ہمارا زیور ہے اور گرفتاری سے کون ڈرے گا، فریال تالپور

گرفتاری ہمارا زیور ہے اور گرفتاری سے کون ڈرے گا، فریال تالپور
کیپشن: فریال تالپور کے استقبال کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر اراکین پیپلز پارٹی جمع تھے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ پیپلز پارٹی فیس بُک پیج

کراچی: جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار رکن سندھ اسمبلی اور رہنما پیپلز پارٹی فریال تالپور کا کہنا ہے کہ گرفتاری ہمارا زیور ہے اور گرفتاری سے کون ڈرے گا۔سندھ اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے فریال تالپور کو اُن کی رہائش گاہ سے پولیس اور رینجرز کی سخت سیکیورٹی میں لے جایا گیا۔

فریال تالپور کے استقبال کے لیے سندھ اسمبلی کے باہر اراکین پیپلز پارٹی جمع تھے اور ان کے پہنچنے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئی جب کہ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی بھی اراکین اسمبلی کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے فریال تالپور کا کہنا تھا کہ گرفتاری ہمارا زیور ہے اور گرفتاری سےکون ڈرے گا۔ ذوالفقار علی بھٹو، بے نظیر بھٹو اور میرے بھائی کے سامنے گرفتاری کی کوئی اہمیت نہیں۔

خیال رہے کہ نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کو 14 جون کو اسلام آباد میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا تھا۔