وزیر ریلوے شیخ رشیدکا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

 وزیر ریلوے شیخ رشیدکا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا

راولپنڈی: ترجمان وزیر ریلوے نے کہا ہے کہ شیخ رشید کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی وزیر کو آج اسپتال سے ڈسچارج ہونے کی اجازت مل جائے گی۔خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وہ قرنطینہ میں چلے گئے تھے۔کورونا وائرس کی کوئی علامات تو نہیں ثابت ہوئیں تاہم ٹیسٹ مثبت آںے کے بعد وہ خود کو گھر میں آئسولیٹ کر رہے ہیں اور ایک ہفتے بعد دوبارہ اپنا ٹیسٹ کروائیں گے۔بعد ازاں طبیعت ناساز ہونے پرانہیں ملٹری اسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا ملٹری اسپتال (ایم ایچ) میں علاج جاری تھا جہاں شیخ رشید احمد نے قوم سے دُعا کی درخواست کی ہے۔وفاقی وزیر شیخ رشید احمد نے کہا تھا کہ ایم ایچ اسپتال میں میراعلاج جاری ہے جبکہ ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف اپنی صلاحیتوں کے مطابق علاج کر رہے ہیں۔ اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میری جلد صحت یابی کے لیے دعائیں کرنے والوں کا مشکور ہوں اور عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ کورونا کو سنجیدہ لیں۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ لوگ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور گھروں میں رہیں۔اس سے قبل شیخ رشید احمد کے بھتیجے راشد شفیق نے بتایا کہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کی طبیعت بہتر ہے اور ایم ایچ اسپتال میں اُن کے اینٹی باڈی اور دیگر ٹیسٹ لیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید احمد کی ٹیسٹ رپورٹس کو ڈاکٹرز نے تسلی بخش قرار دیا ہے۔ کورونا ہونے پر شیخ رشید نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر رکھا تھا اور طبیعت زیادہ خراب ہونے پر انہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔