سٹیٹ بینک کا بڑا فیصلہ، شرح سود 7 فیصد پر آ گئی

سٹیٹ بینک کا بڑا فیصلہ، شرح سود 7 فیصد پر آ گئی
کیپشن: شرح سود 2 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

کراچی: سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ہنگامی اجلاس کے دوران شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کر دی ہے۔ شرح سود 2 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔گزشتہ ماہ 15 مئی کو سٹیٹ بینک آف پاکستان نے شرح سود میں ایک فیصد کی کمی کی تھی جس کے بعد بنیادی شرح سود 8 فیصد ہو گئی تھی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی طرف سے بنیادی شرح سود میں ایک فیصد کمی کے بعد شرح سود 19 ماہ کی کم ترین سطح پر آ گئی تھی۔رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرح سود میں کمی کی ہے۔ چار مہینوں کے دوران تیسرا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس کے دوران مزید ایک فیصد شرح سود میں کمی کی گئی۔ جس کے بعد شرح سود 7 فی صد پر آ گئی۔

مرکزی بینک آف پاکستان کی طرف سے شرح سود ایک فیصد کمی کے بعد شرح سود 2 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ مارچ سے اب تک شرح سود میں 6.25 فیصد کی کمی کی گئی جبکہ شرح سود میں کمی سے حکومتی قرضوں میں 2100 ارب روپے کی کمی ہوئی ہے۔

خیال رہے کہ اپریل کی 16 تاریخ کو بھی سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے شرح سود میں دو فیصد کمی کی تھی۔

واضح رہے کہ رواں سال 28 جنوری کو سٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر باقر رضا نے شرح سود کو 13.25 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد سرمایہ کاروں کی طرف سے حکومت سے اپیل کی گئی تھی کہ شرح سود میں کمی کی جائے۔