مولانا فضل الرحمان کی طبیعت ناساز، انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل

مولانا فضل الرحمان کی طبیعت ناساز، انتہائی نگہداشت وارڈ میں داخل

کراچی: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو طبعیت خراب ہونے کے باعث کراچی کے ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے اور انھیں انتہائی نگہداشت وارڈ میں رکھا گیا ہے۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مولانا فضل الرحمان کو انفیکشن ہے، ان کا بخار نہیں ٹوٹ رہا، انھیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمان کے مختلف ٹیسٹ ہو رہے ہیں اور مرض کی تشخیص کے بعد علاج میں آسانی ہو گی۔ شبہ ہے کہ انھیں گردے اور مثانے کا انفیکشن ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حتمی بات رپورٹس کے نتیجے کے بعد پتا چلے گی اور ڈاکٹرز کی خصوصی ٹیم مولانا فضل الرحمان کے معائنہ پر مامور ہے۔

مولانا فضل الرحمان جماعتی دورے پر کراچی پہنچے تھے اور طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں اسپتال ‏میں داخل کروایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان پاکستان کی مذہبی سیاسی جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) گروپ کے مرکزی امیر ہیں اور موجودہ حکومت کے خلاف اپوزیشن تحریک پاکستان ڈیمو کریٹ مومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ ہیں اور اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ میں سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کی تقرری کے بعد اختلافات سامنے آئے تھے۔