وزیراعظم نے سپر ٹیکس عائد کرنے کی وجہ بتا دی

وزیراعظم نے سپر ٹیکس عائد کرنے کی وجہ بتا دی

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے 10 فیصد سپر ٹیکس لگانے کی وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد غربت ختم کرنا ہے اور متمول طبقے سے کہا ہے وہ بوجھ بانٹ کر قومی فرض پورا کریں۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ اتحادی حکومت کے اقتدار میں آنے پر 2 راستے تھے، پہلا راستہ یہ تھا کہ الیکشن کرائیں اور معیشت کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے کیلئے چھوڑ دیں اور دوسرا راستہ یہ تھا کہ پہلے اقتصادی چیلنجوں سے نمٹا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کو معاشی دلدل سے بچانے کا انتخاب کیا، ہم نے پاکستان کو پہلے سامنے رکھا، یہ پہلا بجٹ ہے جس میں معیشت کی بحالی کا منصوبہ ہے۔

شہباز شریف نے لکھا کہ یہ پہلا بجٹ ہے جس میں معیشت بحالی کا منصوبہ موجود ہے ، ہم نے جو سخت فیصلے لئے ہیں وہ ملک کو معاشی بحران پر قابو پانے کے قابل بنائیں گے، حکومت نے کم آمدنی والے اور تنخواہ دار طبقے پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت نے یہ فیصلہ غربت کے خاتمے کے مقصد سے کیا ہے اور متمول طبقے سے کہا ہے وہ بوجھ بانٹ کر قومی فرض پورا کریں کیونکہ ہمیشہ غریب نے ہی ملک کیلئے قربانی دی ہے۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ براہ راست ٹیکس سے حاصل رقم مالی مشکلات سے متاثر افراد پر خرچ ہو گی، میکرو اکنامک استحکام پہلا قدم ہے، اتحادی حکومت معاشی خود کفالت حاصل کرنا چاہتی ہے، ہماری قومی سلامتی کا معاشی انحصار سے بہت گہرا تعلق ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ سالانہ 15 کروڑ روپے سے زائد کمانے والے کی آمدن پر 1 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا، 20 کروڑ روپے سالانہ سے زائد آمدن پر 2 فیصد، 25 کروڑ روپے سالانہ سے زائد آمدن پر 3 فیصد اور 30 کروڑ روپے سالانہ سے زائد آمدن پر 4 فیصد ٹیکس لگایا جائے گا۔