نواز شریف کے لئے کوئی الگ سے قانون نہیں لا سکتے، وزیراعظم

نواز شریف کے لئے کوئی الگ سے قانون نہیں لا سکتے، وزیراعظم
کیپشن: قوم دعا کرے کہ یہ دریافت قوم کی تقدیر بدل دے، عمران خان۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیرسمندر ایشیا کے سب سے بڑے تیل و گیس کے ذخائر دریافت ہو گئے۔

وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں زیر سمندر ایشیا کے سب سے بڑے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہو گئے ہیں اور قوم دعا کرے کہ یہ دریافت قوم کی تقدیر بدل دے۔

بھارت سے حالیہ کشیدگی کے متعلق وزیراعظم نے خبردار کیا کہ بھارت انتخابات سے قبل پاکستان میں دہشت گردی کروا سکتا ہے۔ دہشت گردی سے بچنے کیلئے ہمیں چوکنا رہنا ہو گا۔

افغان طالبان سے مذاکرات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے بتایا کہ افغان طالبان نے مجھ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی اور افغان حکومت کے اعتراض کے بعد طالبان سے ملاقات منسوخ کی۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا اپوزیشن احتجاج کرنا چاہتی ہے تو ڈی چوک پر کنٹینر فراہم کرنے کو تیار ہیں۔ ہم نے 126 دن دھرنا دیا اور دیکھتے ہیں اپوزیشن کتنے دن گزارتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ نواز شریف کو کس قانون کے تحت بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے اور نواز شریف کے لئے کوئی الگ سے قانون نہیں لا سکتے۔ اپوزیشن سوائے اپنی کرپشن بچانے اور بلیک میل کے اسمبلی میں کوئی اور بات نہیں کرتی۔

انہوں نے کہا اپوزیشن احتجاجی تحریک نہیں چلا سکتی اور عوام ان کی کرپشن بچانے کے لئے باہر نہیں نکلیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ بلاول بھٹو نیب سے خوفزدہ ہے اس لیے رو رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی نے ماضی میں جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ کی۔ ایان علی اور بلاول بھٹو کے ائیرٹکٹس ایک ہی جعلی اکاونٹس سے بنائے گئے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کا پارلیمنٹ میں ایک منٹ کا 80 ہزار روپے لگتا ہے اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن صرف اپنا رونا دھونا کر کے چلی جاتی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے عوام کے لیے کوئی نہیں سوچا جا رہا۔ اپوزیشن اسمبلی میں سوائے کرپشن چھپانے کے کوئی بات نہیں کرتی۔

وزیراعظم نے کہا قوم کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ان کا ٹیکس ان کی فلاح پر ہی لگے گا اور ماضی کی حکومتوں نے سوائے اپنی جیبیں بھرنے کے کچھ نہیں کیا۔ مجھے اپنی کابینہ پر مکمل طور پر اعتماد ہے اور قوم سے امید رکھتا ہوں کہ وہ میرا ساتھ دیں گے۔

گیس کی قیمتوں سے متعلق وزیراعظم نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے ایل این جی کے اتنے مہنگے معاہدے کیے کہ ہم گیس جتنے میں خرید رہے ہیں اس سے آدھے میں بیچ رہے ہیں۔ گیس کی مہنگائی اس کے شارٹ فال اور ایل این جی کی وجہ سے ہے اور ہم 1400 مکعب فٹ پر گیس خریدتے ہیں اور 650 روپے میں بیچتے ہیں۔ اس وجہ سے شارٹ فال اربوں میں جا رہا ہے اور اسے پورا کرنے کے لیے گیس مہنگی کر رہے ہیں جب کہ بجلی بھی مہنگے داموں خرید کر سستی بیچ رہے ہیں۔ انرجی بحران کی وجہ ٹرانسمیشن لائن کی خرابی ہے جبکہ پچھلے ادوار میں ٹرانسمیشن لائنز پر کوئی کام نہیں ہوا۔