کورونا کی تیسری لہر شدید، مزید 63 جاں بحق،مثبت کیسز کی شرح 10 ہوگئی

کورونا کی تیسری لہر شدید، مزید 63 جاں بحق،مثبت کیسز کی شرح 10 ہوگئی
کیپشن: کورونا کی تیسری لہر شدید، مزید 63 جاں بحق،مثبت کیسز کی شرح 10 ہوگئی
سورس: file

اسلام آباد: پاکستان میں عالمگیر موذی وباء کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت آگئی ہے جس کی وجہ سے  گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 63 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 ہزار 946 نئے کیس رپورٹ ہوئے  ہیں اور یوں مثبت کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد ہو چکی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ موذی وباء کورونا وائرس کی وجہ سے ایک دن میں مزید 63 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 14,028 ہو گئی ہے۔  گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3,946 کیس رپورٹ ہوئے اور یوں ملک میں کل کیسز کی تعداد 6 لاکھ 40 ہزار 988 تک جا پہنچی ہے۔

اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2,747 مریض صحت یاب بھی ہوئے اور اس طرح اب تک وائرس سے صحت یاب ہونے والے افراد کی کل تعداد 5 لاکھ 88 ہزار 975 ہو گئی ہے۔  ملک بھر میں ایکٹو کیسز کی تعداد 38 ہزار ہو چکی ہے، این سی او سی کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 38 ہزار 958 ٹیسٹ کئے گئے  اور ملک بھر میں اب تک 99 لاکھ 34 ہزار 373 ٹیسٹ کئے جاچکے ہیں۔

پاکستان میں سب سے زیادہ کورونا وائرس کے کیس صوبہ سندھ میں ہیں جہاں 2 لاکھ 63 ہزار 815 مریض ہیں جن میں سے 2 لاکھ 55 ہزار صحت یاب ہوچکے ہیں اور 4 ہزار 86 ایکٹو کیس ہیں جبکہ 4 ہزار 482 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے جہاں 2 لاکھ 5 ہزار 314  مریض ہیں جن میں سے 1 لاکھ 79 ہزار 895 افراد صحت یاب ہوچکےہیں، 19 ہزار 230 ایکٹو کیس ہیں  اور پنجاب میں کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 6,099 ہے۔

صوبہ خیبرپختونخواہ میں 81 ہزار سے زائد مریض ہیں جن میں سے 73 ہزار صحت یاب ہوچکے اور 6 ہزار 370 ایکٹو کیسز ہیں  جبکہ 2 ہزار 246 افراد جاں جاں بحق ہوئے۔ صوبہ بلوچستان میں 19 ہزار 395 کیسز سامنے آچکے جن میں سے 19 ہزار صحت یاب ہو چکے، 204  ایکٹو کیس ہیں جبکہ 205 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ گلگت بلتستان میں 5 ہزار مریض سامنے آئے جن میں سے 4 ہزار 858 صحت یاب ہوئے جبکہ 103 افراد جان سے گئے اور صرف 16 ایکٹو کیسز ہیں۔ 

وفاقی دار الحکومت میں کورونا کے 53 ہزار 684 مریض سامنے آچکے ہیں جن میں سے 46 ہزار 307 مریض صحت یاب ہوچکے۔ 6 ہزار 823 مریض زیر علاج ہیں، 554 افراد جاں بحق ہوچکے۔ آزاد کشمیر میں 12ہزار کیس رپورٹ ہوئے جن میں سے  ساڑھے 10 ہزار صحت یاب ہوگئے، 1100 ایکٹو کیس ہیں اور 339 افراد جان سے جا چکے ہیں۔