تمام ٹیسٹ منفی، قومی کرکٹ ٹیم کل جنوبی افریقا روانہ ہوگی

تمام ٹیسٹ منفی، قومی کرکٹ ٹیم کل جنوبی افریقا روانہ ہوگی
کیپشن: تمام ٹیسٹ منفی، قومی کرکٹ ٹیم کل جنوبی افریقا روانہ ہوگی
سورس: file

لاہور: دورہ جنوبی افریقہ اور زمبابوے کیلئے منتخب ہونے والے قومی کرکٹ سکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے جو کل چارٹرڈ طیارے کے ذریعے جنوبی افریقہ روانہ ہوں گے۔ 

نیو نیوز کے مطابق ٹیم کے 35  رکنی سکواڈ جس میں 22 کھلاڑی اور 13 ٹیم آفیشلز شامل ہیں، کا بدھ کی شام کورونا ٹیسٹ لئے گئے جن کی رپورٹس آج پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو موصول ہوئی ہیں۔  ذرائع کے مطابق تمام کھلاڑیوں کو رپورٹس منفی آنے پر روانگی کیلئے کلیئر قرار دیدیا گیا ہے جو جمعہ کے روز خصوصی طیارے کے ذریعے جوہانسبرگ روانہ ہوں گے۔ 

 واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ایک روزہ میچز 4،2 اور 7 اپریل کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد چار ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز ہو گی اور یہ میچز 14,12,10  اور 16 اپریل کو کھیلے جائیں گے جس کے بعد قومی ٹیم جوہانسبرگ سے ہرارے کا سفر کرے گی جبکہ زمبابوے کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے سکواڈ میں جگہ بنانے والے باقی کھلاڑی 12 اپریل کو وہاں جائیں گے۔ 

دوسری جانب کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے باعث ازخود قرنطینہ اختیار کرنے والے حسن علی بھی صحت یاب ہو چکے ہیں جنہیں کورونا وائرس کی رپورٹ منفی آنے کے بعد  قومی سکواڈ کیساتھ روانگی کیلئے کلیئر قرار دیا جا چکا ہے۔ قومی سکواڈ جمعہ کی صبح  ساڑھے سات بجے ہوٹل سےعلامہ اقبال ایئرپورٹ  کیلئے نکلے گا اور اس کی روانگی 8 بج کر 45 منٹ پر طے ہے۔

ون ڈے سکواڈ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کے اعلان کے مطابق قومی ون ڈے سکواڈ کی قیادت بابراعظم کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں  شاداب خان، عبد اللہ شفیق، دانش عزیز، فہیم اشرف، فخر زمان، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، امام الحق، محمد حسنین، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، سرفراز احمد، سعود شکیل، شاہین آفریدی اور عثمان قادر شامل ہیں۔

ٹی ٹوئنٹی سکواڈ

قومی ٹی 20 سکواڈ کی قیادت بھی بابراعظم ہی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں شاداب خان، ارشد اقبال، آصف علی، دانش عزیز، فہیم اشرف، حیدر علی، حارث رؤف، حسن علی، محمد حفیظ، محمد حسنین، محمد رضوان، محمد وسیم جونئیر، سرفراز احمد، شاہین شاہ آفریدی، شرجیل خان، عثمان قادر اور محمد نواز شامل ہیں۔ 

 ٹیسٹ سکواڈ

قومی ٹیم نے زمبابوے کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز بھی کھیلنی ہے جس کیلئے بابراعظم ہی پاکستان کی نمائندگی کریں گے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، عابد علی، اظہر علی، فواد عالم، عمران بٹ، سلمان علی آغا، سعود شکیل، فہیم اشرف، محمد نواز، محمد رضوان، سرفراز احمد، حارث رؤف، حسن علی، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی، تابش خان، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود شامل ہیں۔