چینی صدر کا وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار

چینی صدر کا وزیراعظم عمران خان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار
کیپشن: کورونا وائرس میں مبتلا وزیراعظم عمران خان کو چین کے صدر کا نیک تمناؤں کا اظہار
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: چینی صدر شی جن پنگ نے کورونا وائرس میں مبتلا پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کورونا وباء کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ 

 تفصیلات کے مطابق پاکستان میں تعینات چینی سفیر نونگ رونگ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے وزیراعظم عمران خان کو جلد صحت یابی کا پیغام دیا ہے اور یہ پیغام وزیراعظم کو لکھے گئے ایک خصوصی خط میں دیا گیا ہے۔ 

b14a1e74975dde032d0b40652745f30b

چینی سفیر نے اپنی ٹویٹ میں یہ بھی لکھا کہ صدر شی جن پنگ نے ایک بار پھر اپنا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ چین کورونا وباء کے دوران پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے،  کورونا کو شکست دینے میں پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھیں گی۔

 اس سے قبل چینی وزیراعظم نے خط میں پاکستانی ہم منصب کی جل دصحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا تھا۔ چینی سفیر کے مطابق وزیراعظم لی کیکیانگ نے امید ظاہر کی ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کورونا کو شکست دینے میں کامیاب ہو گا۔

 سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کو الگ الگ  خط لکھا ہے ۔ سعودی رہنماؤں نے خط میں دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ وزیراعظم عمران خان  کو کورونا سے جلد اور مکمل صحت یاب کرے۔ 

 بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی سمیت عالمی رہنمائوں نے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ بھارتی وزیراعظم نے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحتیابی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا۔  سری لنکن وزیراعظم مہندا راجا پاکسے نے بھی وزیراعظم عمران خان کی جلد اور مکمل صحتیابی کی دعا کی اور کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں عمران خان کے ساتھ ہیں۔

 پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر، چینی سفیر، سوئٹزرلینڈ کے سفیر ، آسٹریلیا کے ہائی کمشنر، یورپی یونین کی سفیر اینڈرولا کمینارا، مالدیپ کے صدر ابراہیم محمد، ورلڈ اکنامک فورم کے سربراہ بورگ برینڈا ، افغان رہنما عبداللہ عبداللہ نے بھی وزیر اعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان کا 20 مارچ کو کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا۔ وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر لکھا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد وزیر اعظم عمران خان نے خود کو گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔ بعدازاں وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آیا تھا۔