پی ٹی آئی کا جلسہ ، لاہور کے داخلی راستے بند، جگہ جگہ کنٹینرز لگ گئے 

پی ٹی آئی کا جلسہ ، لاہور کے داخلی راستے بند، جگہ جگہ کنٹینرز لگ گئے 
سورس: Twitter

لاہور: تحریک انصاف کے آج جلسے کے پیش نظر لاہور کے داخلی راستوں کو بند کیا گیا ہے جبکہ مختلف راستوں پر کنٹینر لگائے گئے ہیں۔ راوی ٹول پلازہ اور سگیاں پل ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کیا گیا ہے۔

مینار پاکستان جانے والے راستوں پر کنٹینرز لگائے گئے ہیں جس سے شہریوں کو سفر کے دوران آنے جانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

تحریک انصاف کے نائب سربراہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنان کو مینار پاکستان جلسے میں شرکت سے روکا جا رہا ہے تاہم وہ قانون ہاتھ میں نہ لیں اور جس طرح بھی ہوسکے جلسہ گاہ تک پہنچیں۔

زمان پارک میں میڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا دعویٰ تھا کہ ’انتظامیہ لیت و لعل سے کام لے رہی ہے۔ نگران حکومت پی ڈی ایم کی ایکسٹنشن ہے۔

انہوں نے کہا کہ جلسہ گاہ کی طرف جانے والے راستے کنٹینرز لگا کر بند کر دیے گئے۔ ٹرانسپورٹرز سے کہا گیا کہ گاڑیاں لے کر لاہور نہیں جانا۔ عدالت کی اجازت کے بعد جلسے کے انتظامات کیے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کل سے پورے پنجاب میں چھاپے اور گرفتاریاں کی جا رہی ہیں۔ بے گناہ کارکنوں کو گھر سے اٹھایا جا رہا ہے۔ کارکنوں کو 16 ایم پی او میں بُک کرنے کا ارادہ ہے جو غیر قانونی و غیر آئینی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ’ڈپٹی کمشنرز کو استعمال کر کے کارکنوں کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔ کارکنوں نے نقص امن نہیں پیدا کیا ۔ وہ گھروں میں بیٹھے افطاری کر رہے تھے۔ اس قسم کی فسطائیت پہلے نہیں دیکھی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان چٹان کی طرح ڈٹے ہیں۔ کارکن قانون ہاتھ میں نہ لیں، کارکن جس طرح سے ہو سکے مینار پاکستان پہنچیں۔ عمران خان نے جلسے میں اہم بات کرنا ہے۔ قانون و آئین شکنی کے خلاف پی ٹی آئی سپریم کورٹ جا چکی ہے۔ قانون کے دائرے میں رہ کر لڑائی لڑنا ہے۔

مصنف کے بارے میں